نیب کرپشن کی روک تھام کیلئے مؤثر اقدامات کررہا ہے ، چیئرمین نیب

نیب کرپشن کی روک تھام کیلئے مؤثر اقدامات کررہا ہے ، چیئرمین نیب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 ویانا (این این آئی) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ نیب مختلف سرکاری، غیر سرکاری تنظیموں اور سول سوسائٹی سے مل کر بدعنوانی کی روک تھام کیلئے مؤثر اقدامات کر رہا ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں، نیب کے نگرانی اور جائزہ کے نظام سے تمام شعبوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں مدد ملی ہے، نیب کی آگاہی، تدارک اور قانون پر عملدرآمد کی کثیر جہتی حکمت عملی کے مؤثر نتائج سامنے آئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ویانا (آسٹریا) میں انسداد بدعنوانی کی عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیب راولپنڈی میں فرانزک سائنس لیبارٹری قائم کی گئی ہے، یہ لیب ڈیجیٹل فرانزک، فنگر پرنٹ فورنزک اور سوالیہ دستاویزات کی سہولیات سے لیس ہے، فرنزاک سائنس لیبارٹری کے قیام سے موبائل فون، کمپیوٹرز، آئی پیڈز اور نیٹ ورکس جیسے برقی آلات سے دستاویزات کے حصول اور ہاتھ سے لکھی تحریروں اور ٹائپ کردہ اور شائع شدہ دستاویزات کو محفوظ کرکے جعلسازی کو پکڑنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ نیب کی موجودہ انتظامیہ نے آگاہی، تدارک اور قانون پر عملدرآمد کی انسداد بدعنوانی کی قومی حکمت عملی وضع کی ہے جس کے شاندار نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں اور نیب اب ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے مؤثر انداز میں کام کر رہا ہے، تمام افسران کی کارکردگی شاندار ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کی موجودہ انتظامیہ کے دور میں 50 ارب روپے برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کرائے گئے ہیں جو کہ نمایاں کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کو2014 ء کے مقابلہ میں 2017ء کے اس عرصہ کے دوران دوگنا شکایات، انکوائریاں اور انوسٹی گیشن موصول ہوئی ہیں۔ گزشتہ تین سال کے دوران اعداد و شمار کے موازنہ سے ظاہر ہوتا ہے کہ نیب کے تمام شعبے اور افسران بدعنوانی کی روک تھام کو قومی فرض سمجھ کر مؤثر انداز میں ادا کر رہے ہیں، شکایات میں اضافہ نیب پر عوام کے اعتماد کا اظہار ہے، نیب کے بدعنوانی کے مقدمات میں سزاؤں کی شرح 76 فیصد ہو گئی ہے جو وائٹ کالر جرائم کے حوالے ایک اہم کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی 2016ء کی رپورٹ میں کرپشن پرسپشن انڈیکس میں پاکستان کی درجہ بندی میں 9 درجے بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب جنوبی ایشیاء کے علاقائی ممالک کیلئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے۔

قمرزمان چودھری

مزید :

علاقائی -