عمران کو اظہار وجوہ کا نوٹس ، کپتان کاالیکشن کمیشن کے فیصلہ کیخلاف ہائیکورٹ میں اپیل کا فیصلہ

عمران کو اظہار وجوہ کا نوٹس ، کپتان کاالیکشن کمیشن کے فیصلہ کیخلاف ہائیکورٹ ...

اسلام آباد (این این آئی)الیکشن کمیشن نے ایک بار پھر عمران خان کو 14 ستمبر کیلئے اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کر دیاہے جبکہ عمران خان نے توہین عدالت کیس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ گزشتہ روز تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت الیکشن کمیشن میں ہوئی ٗ چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کی سربراہی فل بینچ کے سامنے دلائل دیتے ہوئے عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے کہا کہ فیصلے کی نقول تاخیر سے موصول ہوئیں ٗ ہم الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف اپیل کا حق رکھتے ہیں ٗ ہائی کورٹ میں اپیل دائر کریں گے ۔ جس پر الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت چودہ ستمبر تک ملتوی کر دی ۔سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وکیل عمران خان بابر اعوان نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے قانون بننے سے پہلے ہی عمران خان کو نوٹس جاری کر دیا ۔بابر اعوان نے کہاکہ قانون نہ ہونے کے باوجود الیکشن کمیشن شوکاز نوٹس جاری کر رہا ہے ٗگزشتہ روز پاس ہونے والے بل میں الیکشن کمیشن کو اختیار دینے کا کہا گیا ہے اورجو قانون ابھی بنا نہیں اس کا عمران خان کو توہین عدالت کا نوٹس دیناغلط ہے ٗبابر اعوان نے کہا کہ ایک دوروز میں اپیلٹ ٹریبونل میں جارہے ہیں اور قانون جس دن سے بنے گا اسی دن سے لاگوہوگا۔انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 میں ترمیم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی یہ ترمیم20کروڑلوگوں کیلئے نہیں گاڈفادرکوبچانے کیلئے لائی جارہی ہے، آئین کوکوئی بل ختم نہیں کرسکتا ٗآئین کوآئین ہی ختم کرسکتاہے ٗانہوں نے کہا کہ دونوں قوانین کا مطلب کرپشن بچاؤ مہم نہیں کرپشن بڑھاؤمہم ہے، حکومت ووٹوں کیلئے احتساب کمیشن کے نام کا بل لا رہی ہے ٗپی ٹی آئی ٗوکلانوازشریف کوبچانے کیلئے ترمیم کی مخالفت کریں گے، تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے کہاکہ 1976کے قانون میں موجودہونے کامطلب ہے کہ یہ بھٹو کے دورمیں بنا ٗعوامی نمائندگی ایکٹ 1976 میں آرٹیکل62 اور 63 موجودہیں اور1973کے آئین میں 62 اور 63 دونوں موجود ہیں، اور اب نواز شریف کیلئے بھاگنے کا کوئی راستہ نہیں بچا ٗحکومت ترمیم لائی تویہ ٹیلرمیڈقوانین ہوں گے، بابر اعوان نے کہا کہ افغان پالیسی پر پہلے چین نے ٹرمپ کے الزامات کو مسترد کیا ،پاکستان کے وزیر خارجہ کو شرم سے ڈوب مرنا چاہئے،ہماری وزارت خارجہ نے اب تک کوئی بیان نہیں دیا،انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کاامریکہ کے بیان پر موقف مردہ حکومت کے برابر ہے ، ایل این جی وزیر اعظم نے کہا کہ وہ سعودی عرب جا رہے ہیں۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے منحرف رہنما اکبر ایس بابر نے کہا کہ عمران خان اپنے دفاع کے لئے خود الیکشن کمیشن میں پیش ہوں ، اکبر ایس بابر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے میری مدد نہیں کی جا رہی ۔ اپنا کیس شواہد کی بنیاد پر لڑ رہا ہوں۔

مزید : علاقائی