8گرڈ سٹیشن،250فیڈر بند،بجلی معطل مرنیوالوں کی تعداد 13ہو گئی

8گرڈ سٹیشن،250فیڈر بند،بجلی معطل مرنیوالوں کی تعداد 13ہو گئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(آن لائن)کراچی میں وقفے قفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش،شہر میں جگہ جگہ پانی جمع ہو گیا ،اہم سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں ، عیدالاضحی کے سلسلے میں لگائی گئی مویشی منڈی کا بھی برا حال ہو گیا جبکہ 8سے زائد گرڈ سٹیشن اور 250 فیڈرز بند ہونے سے بجلی کی سپلائی معطل ہو کر رہ گئی ، پانی کی قلت سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شارع فیصل پر ائیرپورٹ کے قریب، ملیر قائد آباد، کشمیر روڈ پی ای سی ایچ ایس میں بھی پانی جمع ہوگیا۔کئی اہم سڑکوں اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے باعث گاڑیاں خراب ہوگئیں۔یونیورسٹی روڈ پر نیپا، سفاری پارک، جوہر چورنگی، جوہر موڑ پر پانی موجود ہے۔ فیڈرل بی ایریا، صدر،ایمپریس مارکیٹ، کھارادر،ایم اے جناح روڈ پر بھی پانی جمع ہے۔بارش کے باعث کے الیکٹرک کی ایکسٹرا ہائی ٹینشن لائن ٹرپ کر گئی جس کی وجہ سے 8 گرڈ اسٹیشن اور 250 فیڈر بند ہوگئے۔فیڈر بند ہونے سے گلستان جوہر، کلفٹن، اولڈ سٹی ایریا، لیاری، ویسٹ وہارف، ماڈل کالونی، گلشن اقبال، ملیر، شاہ فیصل کالونی، صدر اور ڈیفنس سمیت کئی علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی۔ترجمان کے الیکٹریک کے مطابق ہنگامی ٹیمیں تعینات کردی گئی ہیں۔اس سے پہلے کراچی کابدلہ موسم شہریوں کے لیے خوشگوار فضا لایاہیمگراس نے سڑکوں کی حالت ناگوارکردی ہے۔کرنٹ لگنیکیواقعات میں مزیداموات ہوئی ہیں۔شہر کے مختلف علاقوں میں 2 دن میں جاں بحق افراد کی تعداد 13 ہو گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والا سسٹم بھارتی گجرات میں بنا جس کا اثر پاکستان کے ساحلی شہروں ٹھٹھہ، بدین اور کراچی میں نظر آرہا ہے۔محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہآئندہ چندگھنٹوں کے دوران کراچی میں بارش کا امکان ہے جبکہ اسلام آباد،راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، بہاولپور،میرپور خاص، مکران میں بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ پشاور، مالاکنڈ، ہزارہ، کوہاٹ، فاٹا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش ہو سکتی ہیتاہم ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔دوسری جانب کراچی میں سہراب گوٹھ کے قریب اور دیگر علاقوں میں لگنیوالی عارضی مویشی منڈیاں پیر اور منگل کی رات ہونے والی موسلا دار بارش کے باعث جل تھل ہوگئیں اور انتظامات دھرے کے دھرے رہ گئے۔سہراب گوٹھ مویشی منڈی میں سیکورٹی اہلکاروں نے رات میں منڈی کو گھیرے میں لے کر خرید وفروخت کے لئے بند کردیا تھا جبکہ شدید بارش کے باعث مویشی بھی پریشان ہوئے رسہ تڑا کر ادھر ادھر بھاگنے لگے۔تیز ہواؤں کے باعث تنبو اڑ گئے جبکہ منڈیوں میں مویشیوں کو محفوظ کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے گئے تاہم مویشیوں کی حفاظت کے لئے بیو پاری کھلے آسمان تلے بیٹھے رہے۔مویشی منڈی سہراب گوٹھ میں بارش کے باعث خرید وفروخت کی سر گر میاں شدید متاثر ہوئی ہیں جس کے باعث مویشیوں کی قیمتوں پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں اور قیمتوں میں بڑے پیمانے پر کمی ہوئی۔مویشی منڈی سہراب گوٹھ پر گاہکوں کو گندگی اور کیچڑ کے باعث خریداری میں مشکلات کا سامنا ہے۔ دریں اثنا شہر میں حکومت کی جانب سے صرف ایک منڈی کے انعقاد کے اعلان کے باوجود اس وقت 6سے زائد بڑی منڈیاں لگ چکی ہیں جبکہ بازاروں میں راویتی طور پر بکروں کی خرید وفروخت جاری ہے۔
کراچی؍ بارشیں