فاروق ستار کانفرنس کی آڑ میں کراچی پیکج کیلئے لابی بنا رہے تھے :نثار کھوڑو

فاروق ستار کانفرنس کی آڑ میں کراچی پیکج کیلئے لابی بنا رہے تھے :نثار کھوڑو

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے ملاقات کرکے صرف زبانی کانفرنس کی بات کی اور کانفرنس کا دعوت نامہ نہیں دیا نہ ہی کانفرنس کا موضوع بتایا گیاتھا، شاید ایم کیوایم پاکستان کی کثیر الجماعتی کانفرنس وفاقی حکومت کے کراچی کے لیے 25ارب روپے کے پیکج کے لیے لابی بنا نا تھی اگر ڈاکٹر فاروق ستار کانفرنس کی آڑ میں کراچی پیکج کے لیے لیئے لابی بنا رہے تھے تو پیپلز پارٹی اس کانفرنس کا حصہ کیسے بن سکتی تھی۔ہوسکتا ہے ایم کیو ایم پاکستا ن نے لندن کے کہنے پر کانفرنس ملتوی کی ہو۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے بدھ کو سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر شاہ ،وقار مہدی ، راشد ربانی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔نثاراحمد کھوڑونے کہا کہ ڈاکٹر فاروق ستار نے ایم کیو ایم پاکستان کی کثیر الجماعتی کانفرنس میں پیپلز پارٹی کی حمایت کرنے کے متعلق غلط بیانی کی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن نے کانفرنس کے متعلق ملاقات کرنے کے لیے وقت مانگا تھا اور ان کی سربراہی میں ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے ملاقات کرکے صرف زبانی کانفرنس کی بات کی اور کانفرنس کا دعوت نامہ نہیں دیا نہ ہی کانفرنس کا موضوع بتایا گیاتھا۔انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ایم کیو ایم پاکستان کو ان کی کانفرنس میں شرکت کرنے کی کوئی یقین دہانی نہیں کرائی تھی اور کانفرنس میں شرکت کرنے یا نہ کرنے کے متعلق فیصلہ پارٹی قیادت کی مشاورت سے مشروط کیا تھا اور پیپلز پارٹی کی قیادت کے فیصلے پر ہم نے ایم کیو ایم کی کانفرنس میں شرکت نہیں کی ۔ایک سوال کے جواب میں انھو ں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے دیرینہ مخالف دھڑے اگر آپس میں مل رہے ہیں تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔انھوں نے کہا کہ ڈاکٹر فاروق ستار وضاحت کرے کہ ان پر زبردستی انضمام پر کون دباؤ ڈال رہا ہے ۔انھوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان جمہوریت کے خلاف سازش کی بات کررہی ہے تو وہ بھی وضاحت کریں کہ سازش کو ن کررہا ہے۔انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کا ساتھ دیا اورجمہوریت کے خلاف کسی بھی سازش کا حصہ نہیں بنے ہیں اورہمیشہ جمہوریت کے خلاف سازشوں کا مقابلہ کیاہے ۔ہم نے کسی فرد کو نہیں سسٹم کو بچانے کے لیے کردار ادا کیا ہے ۔انھوں نے کہا کہ عمران خان نے جب کنٹینر پر چڑھ کر سیٹی بجنے کی بات کی تھی تب بھی پیپلز پارٹی نے جمہوریت کا ساتھ دیا۔انھوں نے کہا کہ میثاق جمہوریت کا معاہدہ ہوا تو وہ نواز شریف ہی تھے جس نے خلاف ورزی کی اوروہ اے پی ڈی ایم بنا کر فرار ہوگئے ۔ایک سوال کے جواب میں کراچی میں بارش کے بعد سندھ حکومت کے اداروں نے نکاسی آب کے لیے بھرپور کردار ادا کیا۔