کراچی ،پولیس مقابلہ ،ایم پی اے کا بیٹا بازیاب ،5اغوا کار ہلاک

کراچی ،پولیس مقابلہ ،ایم پی اے کا بیٹا بازیاب ،5اغوا کار ہلاک

کراچی(کرائم رپورٹر) ملیر پولیس نے مقابلے کے بعد 5اغواء کاروں کو ہلاک کرکے پیپلز پارٹی کے ایم پی اے کا بیٹا بازیاب کرالیا، مغوی کو ایک روز قبل ہی گڈاپ سے اغواء کیا گیا تھا۔تفصیلات کے مطابق ناردرن بائی پاس پر پولیس نے مقابلہ کے بعد 5 اغواء کار ہلاک کردیئے ہیں ،ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کا کہنا ہے کہ ہلاک شدگان کے قبضے سے پیپلزپارٹی کے رکن سندھ اسمبلی کا بیٹا بازیاب کرا لیا گیا ہے۔ایس ایس پی راؤ انوار کے مطابق رکن سندھ اسمبلی مرتضیٰ بلوچ کا بیٹا حیات بلوچ گزشتہ روز گڈاپ کے راستے حب جارہا تھا کہ اغواء کار اس کو گاڑی سے اتار کر اپنے ہمراہ لے گئے۔راؤ انوار نے کہا ہے کہ خفیہ اطلاع پر ناردرن بائی پاس کے قریب علاقے میں کامیاب کارروائی کر کے پانچ ملزمان کو ہلاک کرنے کے بعد مغوی حیات بلوچ کو بحفاظت بازیاب کروا لیا گیا ہے، ایس ایس پی راؤ انوار کے مطابق جائے وقوعہ سے دو خواتین کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، مزید تفتیش جاری ہے۔علاوہ ازیں کراچی پولیس چیف غلام قادرتھیبو نے مقابلے میں حصہ لینے والے ایس ایس پی راؤ انوار اور پولیس پارٹی کیلئے ایک لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے، انہوں نے کہا کہ راؤ انوار نے کامیاب کارروائی کر کے دو روز میں پی پی ایم پی اے کے بیٹے کو بازیاب کرایا۔

مزید : کراچی صفحہ اول