وسیب کے قلم کاروں کیلئے ملتان میں ادارے کا قیام ضروری ہے،شیخ احسن رشید

وسیب کے قلم کاروں کیلئے ملتان میں ادارے کا قیام ضروری ہے،شیخ احسن رشید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ملتان(جنرل رپورٹر)معروف صنعتکار ‘پاک اٹالین بزنس ایسوسی ایشن کے صدر شیخ احسن رشید نے سرائیکستان قومی کونسل کے(بقیہ نمبر11صفحہ12پر )
چیئرمین پروفیسر شوکت مغل اور صدر ظہور دھریجہ سے ملاقات میں کہا ہے کہ قلم کی طاقت بندوق سے زیادہ ہے ۔ وسیب کے قلم کاروں کے لئے ملتان میں ادارے کا قیام بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی بہتری کیلئے جو لوگ قلمی جہاد کر رہے ہیں وہ لائق صد تحسین ہیں ۔ وسیب کے اہلِ قلم نے اپنے رشحاتِ قلم سے ایک زمانے کو متاثر کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرائیکی وسیب میں بہت ٹیلنٹ ہے مگر سہولتوں کی کمی ہے ۔ اگر صوبہ بن جائے اور اس خطے کے لوگوں کو سہولتیں حاصل ہو جائیں تو یہ ملک اور قوم کے لئے بہت بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے بحران نے ملک کو بے حال کر دیا ہے ۔ اگر کالا باغ ڈیم بن جائے تو وافر مقدار میں بجلی مہیا ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ درآمدات اور برآمدات میں توازن قائم ہونا چاہئے ۔ معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لئے ضروری ہے کہ غیر ضروری قرضوں سے اجتناب کیا جائے ۔ شیخ احسن رشید نے کہا کہ سرائیکی خطے میں آج تک مقامی ‘ غیر مقامی کا مسئلہ پیدا نہیں ہوا ۔ جو لوگ خطے کی شناخت کیلئے کام کر رہے ہیں ان کا احترام اس لئے ضروری ہے کہ ہر خطے کی اپنی ایک پہچان ہوتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سرائیکی وسیب میں خام مال اور افرادی قوت وافر مقدار میں موجود ہے ۔ اس علاقے کو صنعتی اور مواصلاتی سہولتیں مہیا ہونی چاہئیں ۔ اس موقع پر شیخ احسن رشید کو پروفیسر شوکت مغل نے اپنی نئی کتاب ’’ تفہیمِ فرید ‘‘ پیش کی۔ سرائیکی رہنماؤں نے شیخ احسن رشید کی وسیب کے لئے ادبی ‘ ثقافتی اور سماجی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا کردار قابلِ تقلید اور قابلِ رشک ہے۔ اگر وسیب کے تمام صنعتکار شمع بناسپتی جیسی خدمات سر انجام دیں تو کوئی وجہ نہیں کہ وسیب میں ادبی ثقافتی اور علمی انقلاب نہ آئے ۔ اس موقع پر شمع بناسپتی کے مارکیٹنگ منیجر عمران اعظمی ‘ زبیر دھریجہ اور میر خاور نائچ بھی موجود تھے ۔