بنوں کے اقوام کے حقوق غصب کرنیوالوں کا احتساب شروع ہوچکا ،شاہ محمد خان

بنوں کے اقوام کے حقوق غصب کرنیوالوں کا احتساب شروع ہوچکا ،شاہ محمد خان

پشاور( سٹاف رپورٹر)گزشتہ 60سالوں سے اقوامِ بنوں کے حقوق غصب کرنے والوں کا حساب شروع ہو چکاہے، پاکستان تحریکِ انصاف کی عوام دوست پالیسیوں اور میرٹ پر کام مخالفین کی آنکھوں میں کانٹوں کی طرح کھٹکتاجارہا ہے ، اوچھے ہتھکنڈوں ، تعصب اور نفرت کو پروان چڑھانے والوں کیلئے عوام کے دلوں میں کوئی جگہ نہیں ۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ کے معاونِ خصوصی برائے ٹرانسپورٹ ملک شاہ محمدخان نے بکاخیلPK-72ضلع بنوں کے جانی خیل، ممند خیل اور بکاخیل کے پانچ یونین کونسلز کے لوگوں اور عہدیداروں کے ایک بڑے عوامی جلسے سے خطا ب کر تے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بنوں کے اقوام کو تقسیم کرنے کیلئے اکرم درانی متحرک ہوچکے ہیں لیکن وہ اس گھناؤنی سازش میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہا کے ان کے نام سے منسوب گیٹ کو اُکھاڑنے کی وہ بھر پور مذمت اوراس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرینگے۔ جلسے میں اقوام جانی خیل ، ممند خیل اور بکاخیل کے پانچ یونین کونسلز کے لوگوں نے جے یو آئی (ف) اور مسلم لیگ(ن)کو آئندہ بھی ووٹ نہ دینے کا عہد کیا اور فیصلہ کیا کہ ہماری روایات کے برعکس کسی کو بھی سیاست کی آڑ میں لوگوں کے جذبات مجروح کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی ۔وزیرِ اعلیٰ کے معاونِ خصوصی برائے ٹرانسپورٹ ملک شاہ محمد خان نے کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف نے عام آدمی کو اپنے حقوق کیلئے کھڑا ہونے کا شعور دے کر ایک مہذب معاشرے کی تشکیل کواپنانصب العین بنایا ہے اور آئندہ بھی عمران خان کی ویژن کے مطابق میرٹ اور شفافیت کو اولیت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت کے انقلابی اقدامات ، قانون سازی اور ترقیاتی کاموں سے مخالفین بو کھلاہٹ اور پریشانی میں مبتلا ہے اس لئے وہ روایات اور اخلاقی اقدار کی پرواہ کئے بغیر لوگوں کو گمراہ کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں لیکن وہ ان سازشوں میں کامیاب نہیں ہونگے۔ انہوں نے جلسے سے خطا ب کر تے ہوئے کہا کہ جے یو آئی (ف)اور مسلم لیگ (ن) آپس کی چوریاں چھپانے کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں لیکن عوام اور ہمارے قائدین ان چوروں اور لٹیروں سے حساب لیتے رہینگے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر