ضلع ناظمین چارسدہ کیخلاف تحریک عدم اعتماد میں ہارس ٹریڈنگ نے دعوؤں کی قلعی کھول دی :بیرسٹر ارشد

ضلع ناظمین چارسدہ کیخلاف تحریک عدم اعتماد میں ہارس ٹریڈنگ نے دعوؤں کی قلعی ...

چارسدہ (بیورو رپورٹ)سابق وزیر قانون بیرسٹر ارشد عبد اللہ نے کہا ہے کہ ضلع ناظم اور نائب ناظم اعلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں ہارس ٹریڈنگ نے عمران خان کے وعدوں اور دعووں کی قلعی کھول دی ہے ۔ وزیر اعلی پر وزیر خٹک نے ممبران کی خرید وفروخت کی منڈی لگا کر اپنے چہرے کو عیاں کر دیا ہے ۔ وہ اپنی رہائش گاہ پر ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر اپوزیشن لیڈر قاسم علی خان محمد زئی اور پارٹی کے دیگر رہنماء بھی موجود تھے ۔ بیرسٹر ارشد عبد اللہ نے کہا کہ تحریک انصاف اور جماعت اسلامی نے ہارس ٹریڈنگ کرکے اپنی محلوط ضلعی حکومت بچائی ہے مگر اخلاقی اور سیاسی طور پر شکست کھا چکے ہیں ۔ انہوں نے قومی وطن پارٹی ، جمعیت علمائے اسلام اور اقلیتی ممبران کو حکومت کی طرف سے بھاری رقومات اور دیگرمراعات مسترد کرنے پر شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ عمران خان کے تمام دعوے اور وعدے جھوٹ کا پلندہ ثابت ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی نے ممبران کی خرید وفروحت کی منڈی لگا کر اپنی اصلیت ظاہر کی ہے ۔ عمران خان میں جرات ہے تو اس حوالے سے انکوائری کرکے وزیر اعلی کے خلاف کاروائی کریں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن مل جل کر ضلعی حکومت کو ہر محاذ پر ناکام بنائیگی اور کسی صورت بجٹ اجلاس کا انعقاد نہیں ہونے دیگی ۔

 

مزید : پشاورصفحہ آخر