صحت و صفائی سے متعلق آگہی، واٹسن سیل کی تیار کردہ ریڈیو ڈرامہ سیریز’’روخانہ سحر‘‘ کی افتتاحی تقریب

صحت و صفائی سے متعلق آگہی، واٹسن سیل کی تیار کردہ ریڈیو ڈرامہ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور( سٹاف رپورٹر)عوام میں صحت و صفائی سے متعلق آگہی،انہیں لیٹرین کے استعمال کی جانب راغب کرنے،صابن سے ہاتھ دھونے،صاف پانی کے استعمال اور معاشرے میں صحت و صفائی کا پیغام عام کرنیکی غرض سے واٹسن سیل محکمہ بلدیات و دیہی ترقی خیبر پختونخوا نے بنک آف خیبر، پلان پاکستان،کیئر انٹر نیشنل اور پشاور کنسٹرکشن اینڈ پائپز پشاور کے تعاون سے ابتدائی طور پر 12اقساط پر مشتمل حقیقی کہانیوں پر مبنی ریڈیو ڈرامہ سیریز’’روخانہ سحر‘‘ تیار کیا ہے جو ریڈیو پاکستان اور پختونخوا ریڈیو سے جمعرات اور اتوار کے دن باالترتیب2بجکر40منٹ اور 12بجے دن کو نشر ہوگا۔اس ڈرامہ کے لئے کہانیوں کا مرکزی خیال صوبے کے دور دراز علاقوں میں کام کرنے والے فلاحی اداروں نے تحقیق کے بعد فراہم کیا ہے جس کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد ان کہانیوں کو ڈرامہ سکرپٹ کی شکل دی گئی۔اس کاوش کا ایک اہم مقصد یہ ہے کہ یہ نہ صرف پانی و صفائی کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے بلکہ اس کے ذریعے ناخواندگی،بیماری،بیروزگاری اور دوسرے سماجی مسائل کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ حکومتی خصوصاً محکمہ بلدیات و دیہی ترقی کی سطح پر پہلی مرتبہ پانی و صفائی سے متعلق حقیقی کہانیوں کو ڈرامہ کی شکل دے کر عوامی شعور بیدار کرنیکی کوشش کی گئی ہے اس سلسلے میں گزشتہ روز نشتر ہال پشاور میں اس ڈرامہ سیریز کی افتتاحی تقریب ہوئی۔ مقررین نے اپنے خطاب میں صفائی کی اہمیت اجاگر کی اور کہا کہ ایمان کا حصہ ہونے کے ناطے معاشرے کے ہر فرد کو صفائی کے لئے موثر اقدامات اٹھانا ہوں گے۔انہوں نے صوبے میں صحت و صفائی کے لئے حکومتی سطح پر اٹھائے گئے اقدامات کا خصوصی طور پر ذکر کیا اور واٹسن سیل کی اس کاوش کو سراہا کہ کس طرح گزشتہ ایک سال میں واٹسن سیل نے عوامی آگہی کے لئے اقدامات اٹھائے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں عوامی تعاون انتہائی ضروری ہے اور یہ ریڈیو ڈرامہ سیریز پانی و صفائی کے علاوہ دیگر متعلقہ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں بھی معاون ثابت ہو سکتا ہے ۔کو آرڈینیٹرواٹسن سیل سید رحمان نے ابتدائی کلمات میں روخانہ سحر کے مقاصد پر روشنی ڈالی اور ان تمام سرکاری و غیر سرکاری اداروں کا شکریہ ادا کیاجنہوں نے اس ڈرامہ سیریز کے تیار کرنے میں مالی و تکنیکی معاونت فراہم کی۔اس موقع پرلیڈی گرفتھ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول کی بچیوں کے علاوہ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول اعجاز آباد اور ریڈیو وسٹیج کے فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا ۔ اس موقع پر ڈرامہ میں حصہ لینے والے صدا کاروں،مصنفین اور پروگرام کے منتظمین میں توصیفی اسناد و شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔ افتتاحی تقریب میں سیاسی و سماجی شخصیات کے علاوہ سرکاری و غیر سرکاری اداروں کے نمائندوں،فنکاوں،طلبہ و طالبات اور مختلف مکاتب فکر کے لوگوں نے شرکت کی جنہو ں نے صحت و صفائی کے حوالے سے عوامی آگہی کی طرف واٹسن سیل کی اس کاوش کو ایک مثبت قدم قرار دیا اور یقین ظاہر کیاکہ اس سے انسانی رویوں میں ایک مثبت تبدیلی رونما ہوگی