افغانستان میں بین الاقوامی فوج کیوجہ سے خطہ بدامنی کاشکار تھا،شاہ غلام قادر

افغانستان میں بین الاقوامی فوج کیوجہ سے خطہ بدامنی کاشکار تھا،شاہ غلام قادر

مظفرآباد (بیورورپورٹ) آزادکشمیر اسمبلی کے سپیکر شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ افغانستان میں بین الاقوامی افواج کی مداخلت سے پورا خطہ بد امنی کا شکار ہوا ہے دہشت گردی کے باعث پاکستان کو قیمتی جانی و مالی نقصان کے علاوہ معاشی طور پر اربوں ڈالرز کے نقصانات برداشت کرنا پڑے ہیں جن کا عالمی برادری کو ادراک کرنا چاہئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ عالمی طاقت کے سربراہ ہیں انہیں بھارت کی زبان میں بات نہیں کرنا چاہئے بلکہ اپنی عالمی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے حل پر توجہ دینی چاہئے تاکہ دنیا میں امن و امان قائم ہو سکے۔ افغانستان میں اس سے قبل بھی روس نے طاقت آزمائی کی لیکن جنگ و جدل سے اس کا شیرازہ بکھر گیا امریکہ کو دوسرے ملکوں کی نہیں اپنے ملک کی مثبت پالیسی بنانی چاہئے ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکن صدر کی پریس کانفرنس کے حوالہ سے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے کیا۔ سپیکر نے کہا کہ پہلے ہی عالمی طاقتوں نے سازش سے پاکستان کو دو لخت کیا اب بھارت سے افغانستان میں مدد طلب کی جا رہی ہے افغانستان کے عوام بہادر ہیں وہ اغیار کی مدد کے بغیر رہ سکتے ہیں انہوں نے غلامی نہ پہلے قبول کی اور نہ اب قبول کی ہے بھارت اور اسرائیل کے ذریعے امریکہ عالمی امن کی تباہی کا باعث نہ بنے۔ مقبوضہ کشمیر میں آج بھی مظالم کی انتہا کی جا رہی ہے اس کا ازالہ کون کرے گا عالمی طاقتیں یا اقوام متحدہ فیصلہ عالمی طاقتوں کو کرنا چاہئے افغانستان میں عالمی طاقتیں شکست کھا چکی ہیں اب انہیں واپس چلا جانا چاہئے تاکہ امن قائم ہو سکے۔دریں اثناء سپیکرآزادکشمیر قانون سازاسمبلی شاہ غلام قادر نے کہاہے کہ دولت کے بل بوتے پر بھرتی ہونے والوں کے پیٹ میں مروڑ پھر رہے ہیں ، ن لیگ نے آج آزادکشمیر بھر میں میرٹ پر بھرتی ہونیوالے غریب امیدواروں کو تقرری لیٹر جاری کرکے اپنا وعدہ پورا کردیا، این ٹی ایس کے تحت بھرتی ہونیوالے اساتذہ محکمہ تعلیم میں انقلاب برپا کرینگے ، پیغمبرانہ پیشہ سے وابستگی کیلئے جن امیدواروں کوآج تقرری لیٹر ملے وہ خوش قسمت ہیں۔ن لیگ عوام سے میرٹ کا کیاگیا وعدہ وفا کریگی ان خیالا ت کااظہار سپیکر قانون سازاسمبلی شاہ غلام قادر نے گزشتہ روز محکمہ تعلیم میں این ٹی ایس کے تحت بھرتی ہونیوالے وادی نیلم کے درجنوں امیدواروں کو کامیابی کے بعد تقرری لیٹر جاری کرنے کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ آج غریب ، متوسط طبقہ کے امیدواران اپنی محنت سے لاکھوں روپے خرچ کرنے والوں پرسبقت لے گئے ماضی میں محکمہ تعلیم میں ایک ایک تقرری پر 3 لاکھ سے زائد رقم وصول کی جاتی تھی ۔ لیکن مسلم لیگ ن نے اپنے منشور کے مطابق آزادکشمیر بھر میں این ٹی ایس کے تحت بھرتی ہونیوالے امیدواروں کو میرٹ پر تقرری لیٹر جاری کیے،محکمہ تعلیم نسواں نیلم کے18 جبکہ محکمہ تعلیم مردانہ نیلم میں16 انہوں نے کہاکہ اگر ماضی کی طرح آج بھی میرٹ نہ ہوتا تو یہ غریب نوجوانوں کی تقرریاں ہونا مشکل تھیں۔ انہوں نے تقریب کے دوران تمام امیدواران سے فرد اً فرد پوچھا کہ آپ کی تقرریوں کے سلسلہ میں کسی کوکچھ رقم تو نہیں دی ۔اگر کسی نے کسی کو کوئی رشوت دی ہے وہ آج بتائے لیکن تمام امیدواران نے یک زبان ہوکر کہاکہ مسلم لیگ ن نے میرٹ کی بنیاد پر تقرریاں کی ہیں اس موقع پر سپیکر اسمبلی نے حلقہ نیلم کے 34امیدواروں کو تقرری لیٹر جاری کیئے اور پیغمبرانہ پیشہ سے وابستہ ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے محنت ، لگن سے کام کرنے کی ہدایت کی ۔ اس موقع پر چیئرمین ڈویلپمنٹ بورڈ نیلم راجہ یوسف، ارسل خان صدیقی معاون خصوصی ہمراہ سپیکر قانون سازاسمبلی ، سٹاف آفیسر خواجہ بشیر، معاون برائے تعلیم ہمراہ سپیکر اسمبلی عبدالشکور بانڈے ،سٹاف آفیسر خواجہ افضل جمال ، ترجمان مسلم لیگ ن نیلم محمد اقبال مغل ، ڈی ای او مردانہ نیلم سردار قمرالزمان خان،ڈی ای او نسواں محترمہ عابدہ مقبول سمیت درجنوں کارکنان موجود تھے ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر