جہلم،برائلر گوشت کے سیل سنٹرز گندگی کی آماجگاہ میں تبدیل ،شہری بیمار

جہلم،برائلر گوشت کے سیل سنٹرز گندگی کی آماجگاہ میں تبدیل ،شہری بیمار

جہلم(نامہ نگار)برائلر گوشت کے سیل سنٹرز گندگی کی آماجگاہ میں تبدیل ، شہری موزی امراض کا شکار ہونے لگے، ضلعی انتظامیہ خاموش تماشائی ، شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم سے کارروائی کا مطالبہ کر دیا، تفصیلات کے مطابق جہلم کے شہری اور دیہی علاقوں میں سینکڑوں کی تعداد میں قائم برائلر گوشت کے سیل سنٹرز انسانی زندگیوں کے لئے خطرہ بنے ہوئے ہیں۔مذکورہ برائلر سیلز پوائنٹ پر صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات ہونے کی وجہ سے شہریوں کی بڑی تعداد موذی امراض کا شکار ہو رہی ہے اور یہ باز گشت بھی سنائی دے رہی ہے کہ انسانی زندگیوں سے کھیلنے والے عناصر مردہ مرغیوں کا گوشت بھی فروخت کرنے سے گریز نہیں کرتے ، جبکہ برائلرسنٹرز پر کئی کئی گھنٹے پڑے رہنے والی مرغیوں کے گوشت پر نہ صرف زہریلی گردوغبار جم جاتی ہے بلکہ مکھیاں بھی بھنبھناتی رہتی ہیں تمام تر حالات و واقعات کا علم ہونے کے باوجود ضلعی انتظامیہ کے ذمہ داران کا قانونی کارروائی نہ کرنا بھی سوالیہ نشان ہے ، بیشتر برائلر سیل پوائنٹس گندے نالوں پر قائم ہیں اور آس پاس آوارہ کتے ، بلیاں بھی غول کی صورت میں بیٹھے نظر آتے ہیں ، جن پر بیٹھنے والی مکھیاں کھلے گوشت کو مزید زہریلا بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں ، متعلقہ اداروں کی پراسرار خاموشی سے دلبررداشتہ شہریوں نے متعلقہ اداروں کے ذمہ داران اور ڈپٹی کمشنرجہلم سے نوٹس لینے اور کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر