شاہد خاقان عباسی کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

شاہد خاقان عباسی کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

جدہ/اسلام آباد (صباح نیوز،اے این این) حکومت پاکستان نے امریکی صدر کی جنوبی ایشیا سے متعلق پالیسی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے اپنے دوست ممالک کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے ،وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے گزشتہ روز جدہ میں سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی ۔انہوں نے دوطرفہ تعلقات اورعلاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف، وزیر خزانہ اسحق ڈاربھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔اس سے پہلے جدہ کے ہوائی اڈے پر مکہ کے نائب گورنر عبداللہ بن بندر بن عبدالعزیز نے ان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے روضہ رسول ؐ پر حاضری بھی دی اس موقع پر انہوں نے نوافل اداکئے، ملکی سلامتی خوشحالی اور مسلم امہ کے اتحاد کیلئے خصوصی دعاء کی اوربعدازاں وزیر اعظم وطن واپس روانہ ہوگئے۔ذرائع کے مطابق امکان ہے کہ شاہد خاقان عباسی ترکی اور روس کے بھی دورے کرینگے جبکہ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ چین کے دورے پر ہیں ۔

اسلام آباد (این این آئی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ ایک سال کے واقعات اس بات کی ناقابل تردید شہادتیں ہیں کہ کشمیر کی تحریک آزادی سو فیصد مقامی اور غیر مسلح ہے جسے ریاستی دہشت گردی کا سامنا ہے جب تک دنیا انصاف اور حقِ خود ارادیت جیسے تسلیم شدہ حق کو نظر انداز کرتے ہوئے اپنی اخلاقی ذمہ داریوں سے روگردانی کرتی رہے گی جنوبی ایشیا میں امن کا خواب شرمند ہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ ’یوم نیلا بٹ‘کے موقع پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کی ریاست اور عوام اس بارے میں یک زبان ہیں کہ اہل کشمیر کی سیاسی، سفارتی و اخلاقی حمایت ہمارے خون میں ہے اور ’یومِ نیلا بٹ‘ کے موقع پر پاکستانی قوم کے اس غیر متزلزل عزم کی تجدید کرتے ہوئے اہلِ کشمیر کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ سردارعبدالقیوم خان جیسی شخصیات نے آزادی کی جو مشعل روشن کی تھی اس کی روشنی پورے برصغیر میں پھیل چکی ہے اور یہ روشنی انشاء اللہ کشمیر کی صبح آزادی کی نوید ثابت ہو گی۔

مزید : ملتان صفحہ اول