سدھارتھ ملہوترا نے عالیہ بھٹ سے تعلق ختم کرنے کا اعلان کردیا
ممبئی(ویب ڈیسک) بالی ووڈ اداکار سدھارتھ ملہوترا نے کئی برسوں سے جاری دوستی کے بعد اب عالیہ بھٹ سے اپنا قریبی تعلق ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔فلم ”سٹوڈنٹ آف دی ائیر“سے فنی کیرئیر کا آغاز کرنے والے اداکار سدھارتھ ملہوترا اورعالیہ بھٹ کی کیمیسٹری فلم میں خوب پسند کی گئی تھی، دونوں کے درمیان دوستی کا آغاز شوٹنگ کے دوران ہی ہوگیا تھا وقت کے ساتھ یہ دوستی مزید گہری ہوتی چلی گئی یہاں تک کہ دونوں کئی مواقعوں پر ایک ساتھ دیکھے گئے، دونوں اداکاروں نے کبھی بھی اپنے رشتے کو میڈیا سے چھپانے کی کوشش نہیں کی تاہم اب سدھارتھ ملہوترا نے اپنے اور عالیہ کے درمیان تعلق ختم ہونے کا اشارہ دے دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ نیہا دھوپیا نے اپنے شو ”نوفلٹر“ کے دوران سدھارتھ ملہوترا سے ان کی نجی زندگی کے بارے میں سوال کرتے ہوئے کہا کہ کیا ان کی زندگی میں کوئی لڑکی موجود ہے جس کے جواب میں سدھارتھ نے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی زندگی میں کوئی لڑکی موجود نہیں ہے فی الحال وہ سنگل ہیں ، سدھارتھ کے اس جواب پر نیہا دھوپیا حیران رہ گئیں کیونکہ گزشتہ کافی عرصے سے میڈیا پر سدھارتھ اور عالیہ کے درمیان تعلقات کی خبریں گردش کررہی ہیں یہاں تک کہ عالیہ بھٹ سدھارتھ ملہوترا کے والدین سے بھی ملاقات کرچکی ہیں.
صرف یہ ہی نہیں سدھارتھ ملہوترا نے مزید کہا کہ وہ انٹرنیٹ پر اپنے لیے ایک ساتھی کی تلاش میں ہیں انہوں نے کہا کہ وہ ایک ایسی لڑکی کی تلاش میں ہیں جو خوبصورت ہونے کے ساتھ گھر کے کاموں میں بھی ماہرہو۔