ایسی فلمیں کرنا چاہتی ہوں جن پر مجھے فخر ہو، جو مجھے کچھ سکھا سکیں‘ اداکارہ اتھیا شیٹی

ایسی فلمیں کرنا چاہتی ہوں جن پر مجھے فخر ہو، جو مجھے کچھ سکھا سکیں‘ اداکارہ ...
ایسی فلمیں کرنا چاہتی ہوں جن پر مجھے فخر ہو، جو مجھے کچھ سکھا سکیں‘ اداکارہ اتھیا شیٹی

  

ممبئی (این این آئی)بالی ووڈ اداکار سنیل شیٹی کا شمار اپنے وقت کے کامیاب اداکاروں میں کیا جاتا ہے اور اب ان کی بیٹی اداکارہ اتھیا شیٹی بھی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں اپنی جگہ بنانے کی جدوجہد کررہی ہیں۔24 سالہ اتھیا اب تک دو فلموں میں جلوہ گر ہوئیں جن میں سے ایک 2015 کی فلم ’ہیرو‘ ہے جبکہ دوسری حال ہی میں ریلیز ہوئی فلم ’مبارکاں‘۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اپنے والد کے کیریئر کے حوالے سے اتھیا شیٹی کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے والد کے کیریئر سے بہت کچھ سیکھا ہے، مجھے ان کی جو بات متاثر کرتی ہے وہ یہ ہے کہ وہ ہمیشہ میرا ساتھ دیتے ہیں اور آگے بڑھانے کی کوشش کرتے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ وہ فلموں کے اسکرپٹس کا انتخاب کرنے کے لیے اپنے والد کی مدد لیتی ہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’میں اپنے والد کے ساتھ فلموں کے اسکرپٹس پر بات کرتی ہوں، کوئی بھی فیصلہ لینے سے قبل مجھے یقین نہیں ہوتا، لیکن میرے والد ہمیشہ مجھے حوصلہ دیتے کہ میں اپنے فیصلے خود کروں، میں اپنے والد کی غلطیوں سے سیکھ رہی ہوں، لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ میں خود غلطی نہیں کرسکتی، میں جانتی ہوں کہ مجھے کیا چاہیے۔اتھیا کا اب تک صرف دو فلموں میں جلوہ گر ہونے کے حوالے سے کہنا تھا کہ ’میں ایسی فلمیں کرنا چاہتی ہوں جن پر مجھے فخر ہو، جو مجھے کچھ سکھا سکیں۔

خیال رہے کہ حال ہی میں بولی وڈ میں اقرباء پروری پر زبردست بحث جاری تھی، اس حوالے سے اداکار سنیل شیٹی کی بیٹی کا کہنا تھا کہ ’اقرباء پروری صرف بولی وڈ میں نہیں، یہاں بہت سے اداکار ایسے بھی ہیں جن کا بولی وڈ سے کوئی تعلق نہیں تھا، سب سے اہم ہے شائقین کا ردعمل ہے، اور یہ ان کا فیصلہ ہے کہ وہ فلم دیکھنا چاہتے ہیں یا نہیں۔

واضح رہے کہ اتھیا شیٹی کو بولی وڈ میں ان کے والد کے بہترین دوست اور کامیاب اداکار سلمان خان نے لانچ کیا، اور سنیل شیٹی کے مطابق سلمان خان اتھیا کی طرح ان کے بیٹے اہان کو بھی فلمز میں لانچ کریں گے۔

مزید : تفریح