نواز شریف، چوہدری نثار، آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کو کئی ماہ سے امریکہ کی افغان پالیسی کا علم تھا: نجی ٹی وی کا دعویٰ

نواز شریف، چوہدری نثار، آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کو کئی ماہ سے امریکہ کی ...
نواز شریف، چوہدری نثار، آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کو کئی ماہ سے امریکہ کی افغان پالیسی کا علم تھا: نجی ٹی وی کا دعویٰ

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اپنی پریس کانفرنس میں جن بیرونی خطرات کا ذکر کیا تھا اور کہا تھا کہ ان سمیت صرف 4 لوگوں کو اس بارے میں پتا ہے ، اس کی کہانی سامنے آگئی ہے۔

نجی ٹی وی 92 نیوز نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے اپنی پریس کانفرنس کے دوران جن بیرونی خطرات کا ذکر کیا تھا وہ در حقیقت امریکہ کی نئی افغان پالیسی ہی تھی جو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان مخالف بیان سے بھی بہت زیادہ خطرناک ہے۔

چوہدری نثار نے اپنی 27 جولائی کی پریس کانفرنس میں کیا کچھ کہا تھا؟ جاننے کیلئے یہاں کلک کریں

سابق وزیر اعظم نواز شریف، سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو امریکہ کی نئی افغان پالیسی کا کئی ماہ پہلے ہی پتا چل گیا تھا جس کے بعد انہوں نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کو اعتماد میں لیا تھا، جبکہ سیاسی اور عسکری قیادت کئی ماہ سے پالیسی پر رد عمل تیار کر رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکہ کی نئی افغان پالیسی میں یہ بات طے ہے کہ وہ دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کا بہانہ بنا کر پاکستان کے قبائلی علاقوں میں حملوں کی منصوبہ بندی کر رہا ہے ۔ اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے امریکہ پہلے اپنی کارروائیاں پاک افغان سرحد کے قریب لے کر آئے گا جس کے بعد قبائلی علاقوں میں کارروائیاں کی جائیں گی۔

سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان کی  27 جولائی کی ہنگامہ خیز پریس کانفرنس کی مکمل تفصیلات جاننے کیلئے یہاں کلک کریں

واضح رہے کہ نواز شریف کی نا اہلی سے ایک روز قبل 27 جولائی کو سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے پریس کانفرنس کی تھی جس میں انہوں نے پاناما کیس کا فیصلہ آنے کی صورت میں وزارت چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔ اسی پریس کانفرنس میں چوہدری نثار علی خان نے پوری قوم سے اتحاد کی اپیل کی تھی اور حوالہ دیا تھا کہ پاکستان کو بہت سے بیرونی خطرات کا سامنا ہے اور پاکستان کو چاروں طرف سے گھیرا جا رہا ہے، ان خطرات کے بارے میں ان سمیت صرف 4 لوگوں کو علم ہے۔

مزید : قومی /اہم خبریں