عمر اکمل شوکاز نوٹس پر متعلقہ سوالوں کے جواب نہ دے سکے، اپنا جواب ریسیپشن پر چھوڑ کر چلتے بنے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) ہیڈ کوچ مکی آرتھر پر گالیاں دینے کا الزام لگانے والے عمر اکمل شوکاز نوٹس کے جواب میں متعلقہ سوالوں کے جواب نہ دے سکے، اور اپنا جواب کسی افسر کو دینے کی بجائے ریسیپشن پر ہی چھوڑ کر چلے گئے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ عمر اکمل نے گزشتہ روز (بدھ کو) شوکاز نوٹس پر اپنا جواب جمع کرادیا ہے۔ وہ پی سی بی ہیڈ کوارٹر گئے اور کسی افسر سے رابطہ نہیں کیا اور نہ ہی کسی سے ملنے کی کوشش کی بلکہ ریسیپشن پر ہی اپنا جواب چھوڑ کر چلتے بنے۔
یہ بھی پڑھیں:مکی آرتھر کے رویے پر تنقید کی، پاکستان کرکٹ بورڈ پر نہیں، عمر اکمل نے شوکاز کا جواب جمع کروا دیا
پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ عمر اکمل اپنے جواب میں پی سی بی حکام کو مطمئن نہیں کر سکے اور نہ ہی متعلقہ سوالوں کے جوابات دے پائے بلکہ انہوں نے غیر متعلقہ جوابات دیے ہیں۔ سنٹرل کنٹریکٹ میں شامل نہ ہونے کے باوجودکھلاڑیوں پر ایک سال تک اس کا اطلاق ہوتا ہے اور عمر اکمل کو اس بارے میں پتا ہونے کے باوجود وہ میڈیا کے پاس گئے جو غیرسنجیدہ رویہ ہے۔
واضح رہے کہ مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل نے گزشتہ دنوں ہیڈ کوچ مکی آرتھر پر گالیاں دینے کا الزام لگایا تھا جس کے بعد پی سی بی نے انہیں شو کاز نوٹس جاری کیا تھا۔