وزیر اعظم نے بے نامی جائیدادوں کے خلاف کریک ڈاﺅن کا حکم دے دیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم عمران خان نے بے نامی جائیدادوں کے خلاف کریک ڈاﺅن کا حکم دے دیا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے بے نامی جائیدادوں کے خلاف کریک ڈاو¿ن کے حوالے سے بڑا فیصلہ کرلیا۔ وزیر اعظم کے حکم پرملک بھر کے تمام ڈپٹی کمشنروں اور ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کے سربراہوں کو بے نامی جائیدادوں کی نشاندہی کرنے کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔
تمام ڈپٹی کمشنر ایک ماہ میں اپنے متعلقہ علاقوں میں واقع بے نامی اور مشکوک جائیدادوں کی نشاندہی کرکے رپورٹ پیش کریںگے ، رپورٹ میں نشاندہی نہ کی جانے والی بے نامی جائیداد کا بعد میں پتہ چلنے پر متعلقہ ڈپٹی کمشنر یا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سربراہ کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا اور متعلقہ افسر کے خلاف بے نامی قانون کے تحت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
وزیر اعظم آفس نے اس سلسلے میں تمام صوبائی چیف سیکرٹریز کو مراسلہ ارسال کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تمام افسران 30ستمبر تک اپنی رپورٹ چیئرمین ایف بی آر کو بھجوانے کے پابند ہیں۔ وزیر اعظم آفس کو بھی اس رپورٹ کی نقل بھیجی جائے گی۔
بے نامی جائیدادوں کے حوالے سے 20اگست 2019کو ہونے والے اہم اجلاس میں وزیرِ اعظم نے اس بات پر زور دیا تھا کہ بے نامی جائیدادوں کی نشاندہی کے لئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے اور اس ضمن میں صوبائی حکومتیں متحرک کردار ادا کریں۔