پیپلز پارٹی ہتھکنڈوں پر یقین نہیں رکھتی ،مصطفی کمال سے کسی قسم کا کوئی گٹھ جوڑ نہیں:مرتضیٰ وہاب
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور وزیراعلی سندھ کے مشیر بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ مصطفی کمال سے کسی قسم کا کوئی گٹھ جوڑ نہیں ہے،میئر کراچی اور مصطفی کمال کا تنازع آپس کا معاملہ ہے، پی پی ہتھکنڈوں پر یقین نہیں رکھتی ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےبیرسٹر مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے مائی کولاچی روڈ کو ماڈل بنانے فیصلہ کیا ہے، سول سوسائٹی کے ساتھ ملکر پودے لگا رہے ہیں، ماضی میں بہت کم دیکھا گیا ہے کہ شہریوں نے حکومتی اقدامات کا اس طرح بھرپور طریقے سے ساتھ دیا ہو۔ انہوں نے کراچی کی بوہری برادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بوہری کمیونٹی نے بھی شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیاہے،ہم تہیہ کر چکے ہیں یکم اکتوبر سے سندھ بھر میں پلاسٹک بیگز پر مکمل پابندی عائد ہوگی، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کیخلاف مہم بھی شروع کر رہے ہیں۔