ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ پریانکا چوپڑا برا کہہ رہی ہیں بلکہ ۔۔۔ ریحام خان نے ویڈیو پیغام جاری کردیا
لندن(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر اعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ اور معروف تجزیہ کار ریحام خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسئلہ کشمیر پر سنجیدگی کا اندازہ اس بات سے لگا لیں کہ یو این میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کشمیری بچے کی جگہ فلسطینی بچے کی تصویر دکھا دیتی ہیں،ان کے پاس اتنا وقت نہیں کہ وہ کشمیری بچے پر ہونے والے ظلم کی اصل تصویر گوگل کرلیں۔
سوشل میڈیا پر اپنے ویڈیو پیغام میں ریحام خان کا کہنا تھا کہ آج کشمیر پر پاکستان کی کوئی بات نہیں سن رہا اور اس کی وجہ یہ ہے کہ اتنے سالوں سے آپ نے کشمیریوں کو سنجیدگی کے ساتھ نہیں لیا ،آپ نے کبھی سنجیدگی کے ساتھ مسئلہ کشمیر اٹھایا ہی نہیں ہے۔انہوں نے اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا نام لئے بغیر کہا کہآپ یو این میں فلسطینی بچوں کی تصویریں دکھاتے ہیں کیونکہ آپ کے پاس وقت نہیں ہے کہ آپ صرف گوگل پر بیٹھ کر پیلٹ گنز لگی تصویریں لے سکیں ،دنیا کی آر کائیوز کشمیری بچوں کی تصویروں سے بھری پڑی ہیں ،جن میں 4 سالہ کشمیری بچوں کے چہروں پر پیلٹ گنز لگی ہوئی ہیں لیکن آپ کے پاس وقت نہیں ہے اور آپ کاپی پیسٹ کر کے آجاتے ہیں اور قوم کو گمراہ کئے جا رہے ہیں۔
ریحام خان کا کہنا تھا کہ پریانکا چوپڑہ کی ایک بات پر ہماری انسانی حقوق کی وزیر خط لکھ رہی ہیں ،ہماری ذمہ داری یہ نہیں ہے کہ ہم یہ کہیں کہ وہ برا کر رہے ہیں، ہماری ذمہ داری یہ ہونی چاہئے کہ ہم کیا نہیں کر رہے؟آپ یہ دیکھیں کہ آپ کی آواز پریانکا چوپڑہ جیسی موثر کیوں نہیں ہے؟آپ کے اپنے وزیر کی بات اتنی بڑی کیوں نہیں ہے ؟آپ کا موثر پلان کیوں نہیں تھا ؟اب جبکہ ایک کام ہو چکا ہے اور آپ پریشان اس لئے ہیں کہ ہم غم زدہ ہیں ،کیونکہ آپ عوام کو جوابدہ ہیں اور عوام پریشان ہیں کہ آپ نے کچھ نہیں کیا اور اس وقت آپ اپنی بغلیں جھانک رہے ہیں کیونکہ ابھی بھی آپ نے کچھ نہیں کیا.