ماضی میں عوام کو علاج معالجے کی معیاری سہولتوں سے محروم رکھا گیا،اب سفید پوش عزت سے نجی ہسپتالوں میں علاج کرائینگے:وزیرا علیٰ پنجاب

ماضی میں عوام کو علاج معالجے کی معیاری سہولتوں سے محروم رکھا گیا،اب سفید پوش ...
ماضی میں عوام کو علاج معالجے کی معیاری سہولتوں سے محروم رکھا گیا،اب سفید پوش عزت سے نجی ہسپتالوں میں علاج کرائینگے:وزیرا علیٰ پنجاب

  


ساہیوال(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے پاکپتن،اوکاڑہ اورساہیوال کے لئے صحت انصاف کارڈ سکیم کا افتتاح کردیا،وزیراعلیٰ نے ساہیوال ڈویژن کیلئے 80کروڑ روپے کے7میگاپراجیکٹس اورپولیس کمپلینٹ سیل، کمپیوٹرائزڈ ڈرائیونگ لائسنسنگ لیب،پکار 15کنٹرول روم کا بھی افتتاح کیا،وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال ساہیوال کی ٹیچنگ ہسپتال اپ گریڈ یشن سمیت 1ارب19کروڑ روپے کے تین میگاپراجیکٹس کا بھی اعلان کیا۔وزیراعلیٰ نے سرکٹ ہاؤس ساہیوال پہنچنے پر چیچہ وطنی کی ماڈل کیٹل مارکیٹ،قائداعظم کرکٹ سٹیڈیم ساہیوال کی تعمیر نو اورفلڈ لائٹس کی تنصیب،کمیر میں گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج،میونسپل کمیٹی آفس،آر ایچ سی میں ضروری سہولتوں کی فراہمی اوررینالہ خورد میں 60بیڈ کے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے منصوبوں کا افتتاح کیا۔وزیراعلیٰ نے سرکٹ ہاؤس میں موسم برسات کی شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا اورمہم کی کامیابی کیلئے دعا کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے 3 اضلاع کیلئے صحت انصاف کارڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں عوام کو علاج معالجے کی معیاری سہولتوں سے محروم رکھا گیا، صحت انصاف کارڈ کے ذریعے سفید پوش عزت و احترام سے نجی ہسپتالوں میں مفت علاج کراسکیں گے،نجی ہسپتالوں میں صحت انصاف کارڈ ہولڈر کا علاج، ادویات اور ٹیسٹ وغیرہ فری ہوں گے، بل حکومت ادا کرے گی،صحت انصاف کارڈ کے مریض کو آمد و رفت کیلئے کرایہ بھی دیا جائے گا،صحت انصاف کارڈ کے ذریعے 8 امراض کا مفت علاج اور فری فالو اپ ہوگا، صحت انصاف کارڈ کے ذریعے ماں اور بچے کو بھی علاج کی خصوصی سہولت حاصل ہوگی،24 اضلاع میں 67 لاکھ خاندان صحت انصاف کارڈ سے مستفید ہو رہے ہیں،ساہیوال کی 25 فیصد، اوکاڑہ کی 29 فیصد اور پاکپتن کی 27 فیصد آبادی کو صحت انصاف کارڈ دیئے جا رہے ہیں،ساہیوال ڈویژن میں 20 لاکھ سے زائد افراد کو صحت انصاف کارڈ دیا جا رہا ہے،سرکاری ملازمین کو بھی مرحلہ وار صحت انصاف کارڈ دیئے جائیں گے،علماء، مشائخ، خطیب اور مدارس کے طلبہ کو ہیلتھ کارڈ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ساہیوال میں کمپیوٹرائزڈ ڈرائیونگ لائسنسنگ لیب، پکار 15 کنٹرول روم سے عوام کو سہولت ہوگی،پولیس کمپلینٹ سیل کے قیام سے امن و امان اور پولیس سے متعلق شکایات کو جلد حل کیا جاسکے گا۔

وزیراعلیٰ نے خطاب میں بتایا کہ ساہیوال ڈویژن کیلئے 80 کروڑ روپے کی لاگت کے 7 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا گیا ہے، چیچہ وطنی میں 29 کروڑ 30 لاکھ روپے کی لاگت سے ماڈل کیٹل مارکیٹ تعمیر کی گئی ہے،قائداعظم کرکٹ سٹیڈیم ساہیوال کی فلڈ لائٹس وغیرہ کی تنصیب 4 کروڑ 26 لاکھ روپے سے کی گئی ہے،کمیر میں گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج کی تعمیر کا منصوبہ 11 کروڑ 80 لاکھ روپے سے مکمل کیا گیا،کمیر کی میونسپل کمیٹی کا آفس ایک کروڑر وپے سے بنایا گیا،کمیر کے آر ایچ سی میں ایک کروڑ 67 لاکھ روپے کی لاگت سے درکار سہولتیں فراہم کی جائیں گی،رینالہ خورد میں 18 کروڑ 61 لاکھ روپے کی لاگت سے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال تعمیر کیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ سالانہ ترقیاتی منصوبے میں ساہیوال ڈویژن کیلئے 68 ارب روپے کے 316  پراجیکٹس شامل ہیں،ساہیوال ڈویژن کے جاری منصوبوں کیلئے ترجیحات فنڈز فراہم کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ساہیوال کے لئے 3 میگا پراجیکٹ 7 ارب 19کروڑ وپے کی لاگت سے مکمل کئے جا رہے ہیں،ساہیوال کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کو ٹیچنگ ہسپتال کا درجہ دیا جائے گا،ساہیوال کے ٹیچنگ ہسپتال کے قیام پر 6 ارب روپے لاگت آئے گی،عارف والا سے بہاولنگر تک 2 رویہ سڑک کی تعمیر 67 کروڑ سے مکمل ہوگی،عارف والا بائی پاس، این فائیو رائل ہوٹل سے سرور چوک تک بائی پاس 43 کروڑ سے تعمیر ہوگی، پنجاب میں 10 بلین ٹری سونامی پروگرام کے تحت 50 کروڑ پودے لگائیں گے،پودے لگانا ہی کافی نہیں بلکہ اس کی نگہداشت اصل ذمہ داری ہے،یقین ہے کہ ساہیوال کے باشعور شہری پودے لگائیں گے اور ان کی دیکھ بھال کرکے وطن عزیز کو سرسبز و شاداب بنائیں گے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدا رنے ساہیوال،پاکپتن اوراوکاڑہ کے شہریوں میں صحت انصاف کارڈ تقسیم کیے۔تقریب سے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اور سیکرٹری صحت نے بھی خطاب کیا۔ صوبائی وزراء ڈاکٹر اختر ملک، ملک نعمان لنگڑیال،اعجازعالم،سیکرٹریز اورمتعلقہ حکام بھی موجود تھے۔قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے سرکٹ ہاؤس میں ساہیوال کے صحافیوں نے ملاقات کی اوروزیراعلیٰ نے صحافیوں کے مطالبات اورتجاویز سنیں۔ وزیراعلیٰ نے صحافیوں کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ساہیوال میں صحافی کالونی کے مطالبے پر ہمد ردانہ غورکیاجائے گا۔پنجاب کے ہر ڈویژن میں صحافی کالونی قائم کرنے کی پالیسی زیر غورہے،ساہیوال کے اگلے دورے میں صحافیوں کیلئے اچھی خبریں لائیں گے،کمشنر صحافی کالونی کیلئے اراضی کی نشاندہی کر کے رپورٹ پیش کریں۔اس موقع پر کمشنرساہیوال اوردیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ساہیوال کول پاور پلانٹ کا دورہ کیا اورپلانٹ کے احاطے میں شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو پاورپلانٹ سے بجلی کی پیداوار اورترسیل پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایاگیاکہ ساہیوال کو ل پاورپلانٹ اب تک 19.6ارب کلو واٹ آور بجلی پیدا کرچکا ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پاور پلانٹ میں بجلی کی پیداوار اورماحول دوست اقدامات کی تعریف کی اورکہا کہ کول پاور پلانٹ پاک چین دوستی کی علامت ہے۔حکومت پنجاب سی پیک کے تحت کول پاور پلانٹ کے منصوبے پر تعاون جاری رکھے گی۔ وزیراعلیٰ نے کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹ کے مختلف حصے دیکھےاور پلانٹ کے کولنگ ٹاور سے سٹیم کے اخراج کے عمل کا مشاہدہ کیا۔وزیراعلیٰ نے پاور پلانٹ کے پونڈنگ ایریا(آبی ذخیرے) کا بھی معائنہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ساہیوال کول پاور پلانٹ کے کنٹرول روم کا دورہ بھی کیا۔وزیراعلیٰ نے بجلی کی پیداواری عمل کا جائزہ بھی لیا۔صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک اوردیگر متعلقہ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔

مزید : قومی /علاقائی /پنجاب /ساہیوال


loading...