افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی آڑ میں بھارتی سامان پاکستان سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی

افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی آڑ میں بھارتی سامان پاکستان سمگل کرنے کی کوشش ناکام ...
افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی آڑ میں بھارتی سامان پاکستان سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) کسٹمز حکام نے لاہور اسلام آباد موٹروے پر کارروائی کرتے ہوئے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی آڑ میں بھارتی سامان پاکستان سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔
ممبر کسٹمز جواد آغا کی ہدایت پر ماڈل کسٹم کیلکٹریٹ اسلام آباد کی اینٹی سمگلنگ مہم زور و شور سے جاری ہے۔ اس سلسلے میں کلیکٹر کسٹمز سیما رضا بخاری اور ایڈیشنل کلیکٹر کسٹمز عائشہ بشیر وانی کی زیر نگرانی اسسٹنٹ کلیکٹر کسٹمز فہد اقبال کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔
اینٹی سمگلنگ کی اس خصوصی ٹیم نے ہفتہ کے روز M2 موٹروے پر 40 فٹ لمبا کنٹینر پکڑا جو بظاہر تو خالی لگ رہا تھا لیکن اس کے خفیہ خانوں میں سمگلنگ کا مال چھپایا گیا تھا۔ کسٹمز حکام نے سمگلنگ کا مال قبضے میں لے لیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ضبط کیے گئے سامان میں انڈین چیزیں شامل تھیں جو افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے ذریعے پہلے انڈیا سے درآمد کرکے افغانستان پہنچائی گئیں اور وہاں سے انہیں پاکستان سمگل کردیا گیا ۔
کسٹمز حکام کے مطابق ضبط کیے گئے سامان میں موبائل فون، اعلیٰ کوالٹی کا انڈین کپڑا، اور ملک پیک سمیت دیگر اشیا شامل ہیں۔ ضبط کیے گئے سامان کی مالیت 2 کروڑ روپے سے زائد ہے۔
کسٹمز حکام کو مذکورہ کارروائی سے مزید ڈیوٹی ادا کیے بغیر آنے والی گاڑیوں کا بھی سراغ ملا جن کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔ خیال رہے کہ رواں ماہ کے دوران کسٹمز حکام نے سمگلنگ کے خلاف مختلف کارروائیوں کے دوران اب تک 17 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی اشیا ضبط کی ہیں۔