کس شخص نے وارث میر کو غدار قرار دے کر انڈر پاس کا نام تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا، حامد میر کھل کر میدان میں آگئے

کس شخص نے وارث میر کو غدار قرار دے کر انڈر پاس کا نام تبدیل کرنے کا مطالبہ ...
کس شخص نے وارث میر کو غدار قرار دے کر انڈر پاس کا نام تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا، حامد میر کھل کر میدان میں آگئے

  


لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پنجاب یونیورسٹی نیو کیمپس کے انڈر پاس کی نسبت پروفیسر وارث میر مرحوم سے ختم کرکے کشمیر سے جوڑی گئی تو علمی و ادبی حلقوں کی جانب سے اس پر شدید رد عمل کا اظہار کیا گیا۔ یہ ابھی تک ایک معمہ ہے کہ آخر پنجاب حکومت نے کس کے کہنے پر وارث میر انڈر پاس کو ہی نام کی تبدیلی کیلئے منتخب کیا ، سینئر صحافی اور پروفیسر وارث میر کے صاحبزادے حامد میر کا بھی اس معاملے پر موقف آگیا ہے۔

اینکر پرسن حامد میر کے مطابق زید حامد وہ واحد شخصیت ہیں جنہوں نے وارث میر انڈر پاس کے خلاف بات کی ہے۔زید حامد سمجھتے ہیں کہ جن کے نام پر انڈر پاسز ہیںیہ سب لوگ غدار ہیں ، وہ ہر کسی کو غدار سمجھتے ہیں۔

حامد میر کے بقول ان کے والد پروفیسر وارث میر نے ساری عمر پاکستان کے خلاف کوئی کالم نہیں لکھا البتہ وہ آمریت کی مخالفت ضرور کرتے رہے ہیں۔ ’آمریت کی مخالفت پر فاطمہ جناح کو ایوب خان نے غدار قرار دیا تھا اِس قسم کی غداری تو ہمارے لیے فخر کی بات ہے۔‘

وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے حامد میر نے کہا کہ کسی انڈر پاس کا نام تبدیل کر دینے سے انہیں یا وارث میر کو کوئی فرق نہیں پڑتا، ان کے نزدیک یہ بہت ہی معمولی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ صرف کشمیر کے نام کا سہارا لیا گیا ہے، بڑے بڑے عہدوں پر چھوٹے لوگ بیٹھے ہوئے ہیں جو اِس قسم کی حرکتیں کرتے ہیں۔ جس کسی نے بھی یہ کیا ہے اس میں اتنی اخلاقی جرات ہونی چاہیے کہ وہ سامنے آ کر اِس کی وجہ بھی بتائے۔

حامد میر نے بتایا کہ انڈر پاس کا نام تبدیل کرنے کے بارے میں انہوں نے کئی حکومتی شخصیات سے وجہ پوچھی لیکن کسی نے کوئی وجہ بیان نہیں کی۔ شہباز گل نے انہیں بتایا کہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے انڈر پاس کا نام تبدیل کرکے ’ کشمیر انڈر پاس‘ رکھا گیا ہے۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور


loading...