ڈلیوری کسی اور سے کرانے پر دائی نے 10 روز کا بچہ اغوا کرلیا، پھر اسے ایک ایسی خاتون کو بیچ دیا جس کا اپنی سوتن کے ساتھ بچے پیدا کرنے کا مقابلہ ہے

ڈلیوری کسی اور سے کرانے پر دائی نے 10 روز کا بچہ اغوا کرلیا، پھر اسے ایک ایسی ...
ڈلیوری کسی اور سے کرانے پر دائی نے 10 روز کا بچہ اغوا کرلیا، پھر اسے ایک ایسی خاتون کو بیچ دیا جس کا اپنی سوتن کے ساتھ بچے پیدا کرنے کا مقابلہ ہے

  

وہاڑی(ڈیلی پاکستان آن لائن) نواحی گاؤں 37 ڈبلیو بی سے اغوا ہونے والے 10 دن کے بچے کو پولیس نے بازیاب کرالیا۔ دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ بچے کو ایک دائی نے اس لیے اغوا کیا کیونکہ اس کی ماں نے اس سے ڈلیوری نہیں کرائی تھی۔ ملزمہ دائی نے بچہ ملتان میں ایک خاتون کو فروخت کردیا جس نے بتایا کہ اس کے خاوند کی 2 شادیاں ہیں، دوسری بیوی کے بچے زیادہ ہیں اس لیے اس نے مقابلہ جیتنے کیلئے یہ بچہ ڈیڑھ لاکھ روپے میں خریدا۔

دو روز قبل پولیس تھانہ صدر وہاڑی کو محمد اسحاق کی طرف سے درخواست موصول ہوئی کہ اس کا 10 دن کا بچہ کسی نامعلوم نے گھر سے اغواء کرلیا ہے. جس پر فوری طور پر مقدمہ 544/20 بجرم 363 ت پ تھانہ صدر وہاڑی درج کر لیا گیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وہاڑی احسان اللہ چوہان کے نوٹس میں یہ بات آئی تو انہوں نے غریب خاندان کی داد رسی اور ملزمان کو ٹریس کر کے بچہ کی بحفاظت بازیابی کے لئے ایس پی انوسٹی گیشن مطیع اللہ خان کے زیر سرپرستی ایس ایچ او صدر وہاڑی طفیل گجر، اے ایس آئی عبدالغفار اور پولیس ٹیکینکل گروپ کے کانسٹیبل محمد سلیم پر مشتمل ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی۔ جس نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا اور تفتیش کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے علاقہ سے بھی جانچ پڑتال شروع کر دی۔

آخرکار 48 گھنٹوں کی مسلسل جدوجہد اور محنت کے بعد وہاڑی پولیس کو کامیابی ملتان کے علاقہ سے ملی، جہاں سے 10 دن کے بچے کو بحفاظت بازیاب کرالیا گیا ۔ کارروائی کے دوران اغوا کار نسیم بی بی اور اس کے بھائی فیض محمد کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ بھی 37ڈبلیو بی کے رہائشی ہیں اور بچہ جب پیدا ہوا تو وہ اپنی ماں کے ساتھ کچھ دن ہسپتال ہی رہا اسی دن سے ہم نے بچےکے اغواء کے پلاننگ شروع کر دی تھی جیسے ہی بشری بی بی اپنے بچے کو لے کر واپس گھر پہنچی تو اگلی رات تقریباً 2:30بجے جب وہ رفع حاجت کے لئے گھر سے باہر گئی تو ہم نے اس کا بچہ اغواء کر لیا اور فرار ہو گئے۔

ملزمہ نسیم بی بی نے مزید انکشاف کیا کہ وہ دائی کا کام کرتی ہے اور اسے بشری بی بی کے اس سے ڈیلیوری نہ کروانے کا رنج تھا جس پر اس کے بچے کوٹارگٹ کرکے اغواء کیا گیا اور ملتان میں 1لاکھ 50 ہزار کے عوض نفیسہ نامی خاتون کو فروخت کر دیا۔

پولیس نے جب ملتان میں ریڈ کر کے بچے کو بازیاب کروایا تو نفیسہ بی بی نے بتلایا کہ اس کے خاوند کی دو شادیاں ہیں دوسری بیوی کے زیادہ بچے ہیں میں نے مقابلہ میں یہ بچہ خریدا تاکہ میرے بچوں کی تعداد بھی بڑھ سکے۔ وہاڑی پولیس نے بچے کو والدین کے حوالے کرکے ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔

مزید :

ڈیلی بائیٹس -علاقائی -پنجاب -وہاڑی -