انڈسٹری کی بہتری کیلئے ماضی میں بھی کوششیں ہوتی رہیں، شاہد حمید
لاہور(فلم رپورٹر) سینئر اداکار شاہد حمیدنے کہا کہ فلم انڈسٹری کی بہتری کیلئے ماضی میں بھی کوششیں ہوتی رہیں ہیں اور اب پاکستان فلم فیڈریشن بھی اس کے لئے عملی جدوجہد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ میری خوش بختی ہے کہ پاکستان فلم فیڈریشن میں میرے ساتھ ایسے لوگ شامل ہیں جو جانے پہچانے نام ہیں اور سب لوگ ان کی بے پناہ عزت کرتے ہیں۔ کوئی بھی شخص تنہا کامیابی حاصل نہیں کرسکتا بلکہ جب تمام لوگ اکٹھے محنت کرتے ہیں تو مثبت نتائج برآمد ہوتے ہیں اشفا ق کاظمی نے ہمیشہ فلم انڈسٹری کی بھلائی کی بات کی ہے جبکہ اچھی خان اور دوسرے لوگ بھی ہمیشہ فلم انڈسٹری اور اس سے جڑے ہوئے لوگوں کی خوشحالی کے لئے پیش پیش رہے ہیں۔
شاہد حمید نے کہا ہے کہ پاکستان فلم فیڈریشن کے صدر کا عہدہ ملنے پرمیری ذمہ داریاں اور بڑھ گئی ہیں اور میری کوشش ہوگی کہ میرے اوپر جس اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے اس پر پورا اتروں۔