نگینہ خانم کی 17ویں،جمشید انصار ی کی آج15 ویں برسی

 نگینہ خانم کی 17ویں،جمشید انصار ی کی آج15 ویں برسی

  

لاہور (فلم رپورٹر) ماضی کی نامور اداکارہ و گلوکارہ نگینہ خانم کی 17ویں اور مزاحیہ اداکار جمشید انصاری کی 15ویں برسی آج منائی جائے گی۔ نگینہ خانم کا تعلق پشاور سے تھا، انہوں نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز بطور گلوکارہ کیا اور مختلف پشتو فلموں کے لیے 130گانے گانے کے علاوہ 100سے زائد فلموں میں بھی کام کیا۔انہیں بطور اداکارہ ایس ایم یوسف نے اپنی فلم ”اولاد“میں متعارف کرایا ان کے مدمقابل اداکار لہری نے کردار نبھایا۔ نگینہ خانم نے کئی پشتو فلموں میں بدرمنیر کی والدہ کا کردار ادا کیا اور اس کردار کے لیے وہ پشتو فلموں کا اسی طرح ایک لازمی حصہ سمجھی جاتی تھیں جس طرح پنجابی فلموں میں اداکارہ بہار بیگم سمجھی جاتی ہیں۔بطور اداکارہ نگینہ خانم کی آخری فلم ”مہندی والے ہتھ“ تھی۔ نگینہ خانم نے گلوکاری اور اداکاری کے علاوہ خود بھی پانچ فلمیں بنائیں۔ ان میں سے ایک فلم جینے دو اردو زبان جبکہ باقی پشتو میں تھیں۔ نگینہ خانم نے فلم انڈسٹری میں متعدد فلموں میں کردار نبھائے اور انہوں نے کئی اداکاروں کو بھی متعارف کرایا۔ نگینہ خانم کو 24اگست 2003ء میں ان کی رہائشگاہ پر قتل کردیا گیا تھا۔ معروف مزاحیہ اداکار جمشید انصاری کی 15ویں برسی بھی آج  منائی جائے گی۔ جمشید انصاری 31 دسمبر 1942ء کو بھارت کے شہر سہارن پور میں پیداہوئے، وہ چھ برس کے تھے کہ ان کا خاندان بھارت سے ہجرت کرکے کراچی منتقل ہوگیا۔وہ گریجوایشن کرنے کے بعد برطانیہ چلے گئے جہاں انہوں نے کچھ عرصہ برطانوی نشریاتی ادارے میں کام کیااورٹی وی پروڈکشن کے کورسزبھی کئے۔1968ء میں وطن واپس آکرانہوں نے ٹی وی ڈراموں میں کام شروع کردیا۔

اور اپنے کیریئر کاآغازڈرامہ ”جھروکے“سے کیا۔انہوں نے کیریئرمیں 200کے قریب ٹی وی ڈراموں اورفلموں میں اداکاری کے جوہردکھائے۔جمشید انصاری نے ٹیلی ویژن کے ڈراموں، انکل عرفی،تنہائیاں، زیر زبر پیش، منزلیں، افشاں، ہمارے گھر میں اور دیگر میں بہترین اداکاری سے لوگوں کے دل جیت لیے۔200 سے زائد ڈراموں میں کام کرنے والے اس نامور اداکار نے 40سال کا عرصہ اسٹیج، ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے پروگراموں میں گزارا، انہوں نے ریڈیو کے مشہور پروگرام حامد میاں کے ہاں میں صفدر کا یاد گار کردار ادا کرکے زبردست شہرت حاصل کی جبکہ اسٹیج ڈرامے بکرا قسطوں میں بھی بہترین اداکاری کا مظاہرہ کیا۔ ان کے مشہورڈراموں میں گھوڑاگھاس کھاتاہے ”انکل عرفی،ان کہی، تنہائیاں، زیر زبر پیش، شوشہ،ہاف پلیٹ جبکہ فلموں میں سوغات،پاکیزہ اوراج دیاں کڑیاں“شامل ہیں۔ وہ 24اگست 2005کو 63برس کی عمر میں طویل علالت کے بعد جہان فانی سے کوچ کر گئے تھے۔

مزید :

کلچر -