قوم کو خوشخبریاں ملنے کا سلسلہ شروع ہو چکا یونہی جاری رہے گا: مراد سعید 

  قوم کو خوشخبریاں ملنے کا سلسلہ شروع ہو چکا یونہی جاری رہے گا: مراد سعید 

  

 اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ قوم کو خوشخبریاں ملنے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے یہ جاری رہے گا،حزب اختلاف کبھی بیروزگار فضل الرحمان کے ذریعے این آر او پلس مانگتے ہیں ہم کسی بلیک میلنگ میں پہلے آئے نہ آئندہ خاطر میں لائیں گے۔وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے پاکستانی سیاست کو پاک کرنے کا فریضہ سر انجام دیا جھوٹ اور بے ایمانی پر قائم سیاسی ڈھانچہ زمین بوس ہوا تو پاکستان نکھرنے لگا۔انہوں نے کہا کہ راہزنی کی وارداتوں کا خاتمہ اور قوم کو خوشخبریاں ملنے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے،بھاشا ڈیم سمیت پن بجلی اور ذخائرِ آب کی تعمیر کے زیر التوا منصوبے تعمیر ہونا شروع ہو چکے ہیں وفاقی وزیر نے کہا کہ حیدر آباد، سکھر موٹروے اور ایم ایل ون منصوبے کی ایکنک سے منظوری ہو چکی ہے جبکہ لاہور کے مضافات میں راوی سٹی تعمیرات کا شاہکار ہے اس کے علاوہ سستے گھروں کی تعمیر عوام کو چھت مہیا کرے گی انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ہر گھر کو علاج کے لیے 10 لاکھ روپے میسر آئے ہیں اور احساس ایمرجنسی کیش سے ڈیڑھ کروڑ سے زائد گھرانوں کو نقد امداد ملی ہے جبکہ عالمی ادارے پاکستانی معیشت کی صحتیابی کی خبریں دے رہے ہیں مراد سعید نے کہا کہ تجارت سے لے کر جاری کھاتوں تک کے خساروں میں تاریخی کمی آئی اور حزب اختلاف کی سازشیں ناکامیوں کی بھینٹ چڑھ رہی ہیں جو کبھی براہ راست اور کبھی بے روزگار فضل الرحمان کے ذریعے این آر او پلس مانگتے ہیں انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف اپنی چوری بچانے کے لیے ہر فورم پر اور ہر طریقے سے مک مکا چاہتی ہے جبکہ ملکی مفاد اور مستقبل کو داؤ پر لگا کر اپنی سیاہ کاریاں اور دولت بھی بچانا چاہتے ہیں۔

مراد سعید 

مزید :

صفحہ آخر -