عوام کوبنیادی سہولتیں مہیا کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں: صدر آزاد کشمیر
اسلام آباد(این این آئی) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو تعلیم، صحت، روزگار، ذرائع رسل و رسائل جیسی بنیادی سہولیات مہیا کرنے کی بھر پور کوشش کر رہی ہے۔ سی پیک کے تحت کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے تحت 720میگا واٹ بجلی پیدا ہو گی جس سے پاکستان میں بجلی کا شارٹ فال پورا کرنے میں مدد ملے گی اور اس منصوبے کو تعمیر کرنے والی چینی کمپنی سوشل کارپوریٹ ذمہ داری کے ساتھ مقامی لوگوں کو سڑکیں، صحت کے مراکز، سکولز تعمیر کرنے اورروزگارمہیا کرنے کی پابند ہے اور وہ اس حوالے سے چیف ایگزیکٹیو کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اور اُس کی انتظامیہ سے بات کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار صدر نے سہنسہ کوٹلی سے سردار بشیر پہلوان سابق مشیر حکومت کی قیادت میں ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وفد نے صدر آزادجموں وکشمیر سردار مسعود خان کی مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کی جانے والی قومی اور بین الاقوامی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وہ ریاست جموں وکشمیر اور پاکستان کا فخر، قیمتی اثاثہ ہیں۔
صدر آزاد کشمیر