نویں، دسویں محرم کے مرکزی جلوس کے روٹس کی مانیٹرنگ سیف سٹی کیمروں سے کی جائیگی: ذوالفقار حمید 

  نویں، دسویں محرم کے مرکزی جلوس کے روٹس کی مانیٹرنگ سیف سٹی کیمروں سے کی ...

  

  لاہور (کرائم رپورٹر)سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید نے نویں، دسویں محرم الحرام کے 6.9 کلومیٹر لمبے مرکزی جلوس نثار حویلی تا کربلا گامے شاہ کے سیکیورٹی اور سیفٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے وزٹ کیا، ایس ایس پی آپریشنز لاہور فیصل شہزاد،  ایس پی سیکیورٹی لاہور بلال ظفر،  ایس پی سٹی تصور اقبال، ایس ڈی پی او نولکھا میاں قدیر سمیت متعدد سنئیر افسران موقعہ پر موجود تھے، ایس پی سیکیورٹی بلال ظفر اور ایس پی سٹی تصور اقبال نے جلوس کے روٹس اور مجالس کیلئے کئے جانے والے سیکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی، ایس پی سیکیورٹی بلال ظفرکا کہنا تھا کہ جلوس میں شمولیت کیلئے شرکاء کو تین درجاتی سیکیورٹی حصار سے گزرنے کے بعد داخلے کی اجازت ہوگی، پولیس کے ساتھ رضاکاروں کی بڑی تعداد بھی چیکنگ کے عمل کو یقینی بنائے گی جبکہ تمام گلیوں،  بازاروں کو خاردار تاروں، کناتوں اور بئیریر لگاکر بند رکھا جائے گا جبکہ مین شاہراہوں پر کنٹینرز لگائے جائیں گی، سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید نے جلوسوں، مجالس کی سیکورٹی اور سیفٹی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے افسران کو ہدایت کی کہ وہ روف ٹاپ پر سنائپرز تعینات کریں، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جلوس کے روٹس کی مکمل مانیٹرنگ سیف سیٹی کیمروں کی سے جائے گی جبکہ پولیس، ایف آئی، پی ٹی اے اور سی ٹی ڈی کے افسران پر مشتمل ایک کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا، جلوس کے روٹس پر لگے تمام کیمروں کو چیک کیا جارہا ہے سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید نے جلوس اور مجالس کے آرگنائزرز، منتظمین سے ملاقات بھی کی، وزٹ کے موقعہ پر منتظمین نے سی سی پی او لاہور کو یقین دہانی کروائی کہ جلوسوں اور مجالس میں کورونا وباء کے پیش نظر حکومتی گائیڈز کی پاسداری کو یقینی بنایا جائے۔ 

، سربراہ لاہورپولیس نے ایس پی سٹی اور ایس پی سول لائنز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ علاقے میں موجود کرایہ داروں اور ہوسٹلز میں رہائش پذیر افراد کے کوائف چیک کریں،ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشنز، پارکس اور مارکیٹوں میں بھی روزانہ کی بنیاد پر سرچ آپریشنز کئے جائیں۔ جلوس اور مجالس میں کورونا ایس او پیز کی مکمل پاسداری کروائی جائے۔ بغیر ماسک اور ہینڈ سینی ٹائز کئے بغیر کو شرکت نہ کرنے دی جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ محرم الحرام میں تمام جلوسوں اور مجالس کو بھرپور سکیورٹی فراہم کریں گے۔ جلوس کے روٹس پر ڈبل سواری چلنے پر پابندی ہوگی۔ پولیس افسران محرم الحرام کی سکیورٹی کے تمام تر انتظامات قبل از وقت مکمل کر لیں اور شیعہ رہنماوں، مجالس اور جلوسوں کے منتظمین و لائسنس ہولڈرز کی باہمی مشاورت سے انتظامات یقینی بنائیں،  محرم الحرام کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ لاہور بھر میں 650 سے زائد جلوسوں اور 5 ہزار دو سو سے زائد مجالس کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کیلئے 34 ڈی ایس پیز،  83 ایس ایچ اوز اور 15 ہزار سے زائد نفری تعینات کی گئی ہے، جبکہ شہر بھر میں ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے دو ہزار سے زائد وارڈنز بھی تعینا ہونگے، سی سی پی او لاہور کا کہنا تھا کہ شہریوں کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

مزید :

علاقائی -