ساؤتھمپٹن ٹیسٹ، پاکستان ٹیم فالو آن کا شکار،انگلینڈ کو 310رنز کی برتری حاصل
ساؤتھمپٹن (مانیٹرنگ ڈیسک)انگلینڈ کیخلاف تیسرے اور آخری ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں انگلینڈ کے 583 رنز کے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 273 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔میزبان ٹیم کی جانب سے پاکستان کو فالو آن کرایا گیا اور قومی ٹیم کو پہلی اننگز کے 310 رنز کے خسارے کا سامنا ہے، آج پیر کو قومی ٹیم اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرے گی۔پاکستان کی جانب سے کپتان اظہر علی نے 141 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تاہم رضوان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز ان کا ساتھ نا دے سکا۔اظہر علی نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 17 ویں سنچری مکمل کر تے ہوئے ٹیسٹ کیریئر کے 6 ہزار رنز بھی مکمل کرلیے، وہ یہ اعزاز حاصل کرنیوالے چھٹے پاکستانی بلے باز ہیں۔ساؤتھمپٹن میں کھیلے جارہے میچ کے تیسرے دن پاکستان نے 24 رنز 3 وکٹوں پر اننگز کا آغاز کیا تو تجربہ کار اسد شفیق ایک بار پھر خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھاسکے اور 5 رنز بنا کر جیمز اینڈرسن کا شکار ہوگئے جبکہ فواد عالم بھی 21 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ کپتان اظہر علی اور محمد رضوان نے ٹیم کو سنبھالا دیا اور چھٹی وکٹ پر 138 رنز کی شراکت قائم کی تاہم محمد رضوان 53 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔رضوان کے بعد پاکستان کی وکٹیں سو کھے پتوں کی طرح جھڑگئیں اور پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔ میزبان ٹیم کی جانب سے جیمز اینڈرسن نے 5 جب کہ کرس براڈ نے 2 جبکہ ووکس اور بیس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ د وسرے دن کے اختتام پر پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 24 رنز بنائے تھے اور شان مسعود، عابد علی اور بابر اعظم تجربہ کار انگلش فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن کے جال میں پھنس گئے تھے۔خیال رہے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو 0-1 کی برتری حاصل ہے۔
میچ