مسائل کے حل اور پائیدار ترقی کے لئے کثیر الجہتی تعاون ضروری: گبر یلا کویس
اسلام آباد(آئی این پی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ بین الپارلیمانی یونین عالمی پارلیمانی تعاون اور اقوام عالم کے مابین ڈائیلاگ کی حوصلہ افزائی کررہا ہے، آئی پی یو کے جمہوریت کے فروغ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات لائق تحسین ہیں، بین الپارلیمانی یونین کے 130 سال مکمل ہونے پر جاری ہونے والی رپورٹ بہت بڑی کامیابی ہے،مقبوضہ کشمیر پر بھارت کا غیر قانونی قبضہ اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہمیں مستقل طور پر یاد لاتی ہیں کہ ہمیں امن، سلامتی اور انسانیت کی فلاح کیلئے کوششوں کو مزید تیز کرنا ہوگا،بین الپارلیمانی یونین کا سفر کثیر الجہتی پارلیمانی تنظیم کے طور پر شروع ہوا جو اب عالمی پارلیمانوں کی ایک بہت بڑی تنظیم بن چکا ہے، جبکہ آئی پی یو کی صدر گبریلا کویس بیرن نے کہا ہے کہ پارلیمان عوام کی خواہشات کی مظہر ہے، دنیا اس وقت مشکل دور سے گز ر رہی ہے،ہمیں اس حقیقت کا ادراک کرنا ہوگا، تفصیلات کے مطابق اتوار کو پاکستان کے ادارہ برائے پارلیمانی خدمات میں بین الپارلیمانی یونین کے130سال مکمل ہونے پر جاری ہونے والی رپورٹ کے سلسلے میں تقریب کا انعقاد کیا گیا تقریب سے آئی پی یو کی صدر گبریلا کویس بیرن اور چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے خطاب کیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ بین الپارلیمانی یونین ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔اس فورم کی بدولت جمہوری اقدار کو فروغ دینے، پارلیمانی روایات کی سربلندی اور ادارہ جاتی معاونت میں خاطر خواہ کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔پاکستان کی پارلیمنٹ آئی پی یو کو انتہائی اہم قرار دیتی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے بین الپارلیمانی یونین کی صدر کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ان کا یہ دورہ تاریخ کے انتہائی اہم موڑ پر ہو رہا ہے جب عالمی سطح پر اقوام کو کورونا وباء کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔ موجودہ حالات کے تناظر میں بین الپارلیمانی یونین کا اس ضمن میں کردار مزید اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدم مساوات کا خاتمہ آئی پی یو کے ایجنڈے میں شامل ہے اورعدم مساوات پر قابو پانے کیلئے مشترکہ کوششیں کرنا ہونگی۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ترقی اور امن کا گہرا رشتہ ہے۔ مقبوضہ کشمیر پر بھارت کا غیر قانونی قبضہ اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہمیں مستقل طور پر یاد لاتی ہیں کہ ہمیں امن، سلامتی اور انسانیت کی فلاح کیلئے کوششوں کو مزید تیز کرنا ہوگا۔ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ کورونا وباء کے باعث پارلیمانی رابطہ کاری کی راہ میں بھی مشکلات پیدا ہوئی ہیں۔ ان تمام مشکلات کے باوجود آئی پی یو کی صدر کا دورہ اس اہم پلیٹ فارم کے مشن اور ویژن کے ساتھ عزم کو ظاہر کرتا ہے، انہوں نے کہا کہ ادارہ جاتی تعاون کے فروغ کیلئے سینیٹ آف پاکستان نے پارلیمانی سفارتکاری کو انتہائی اہمیت دی ہے۔اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے آئی پی یو کی صدر کو آئی پی یو کے 130 سال مکمل ہونے پر مبارکبا د پیش کی اورآئی پی یو کی 130 سال کارکردگی کی رپورٹ آئی پی یو کی صدر کو پیش کی۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی پی یو کی صدر گبریلا کویس بیرن نے کہا کہ پارلیمان عوام کی خواہشات کی مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا اس وقت مشکل دور سے گز ر رہی ہے۔ ہمیں اس حقیقت کا ادراک کرنا ہوگا کہ مسائل کسی پاسپورٹ پر سفر نہیں کرتے اور نہ ہی کورونا وباء نے ایک ملک سے دوسرے ملک میں داخل ہونے کیلئے کسی سے اجازت طلب کی ہے۔وباء پر قابو پانے کیلئے حکومتوں اور پارلیمانوں کو مل کر حکمت عملی بنانا ہوگی۔انہوں نے کہاکہ کثیر الجہتی تعاون مسائل کے حل کا واحد راستہ اور پائیدار ترقی کیلئے انتہائی لازمی ہے۔ اس سے قبل بین الپارلیمانی یونین کی صدر گبریلا کویس بیرن پاکستان پہنچ گئیں وہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی دعوت پر پاکستان کے دورے پر پہنچی ہیں۔ سینیٹر مرزا آفریدی اور ایم این اے شیر علی ارباب نے صدر آئی پی یو کا استقبال کیا۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
گبریلا