کورونا وائرس قانونی چیلنجز کے باعث سندھ میں بلدیاتی انتخابات مؤخر ہونے کا امکان 

  کورونا وائرس قانونی چیلنجز کے باعث سندھ میں بلدیاتی انتخابات مؤخر ہونے کا ...

  

 کراچی(این این آئی)سندھ میں موجودہ بلدیاتی حکومت کی 4 سالہ مدت ختم ہونے میں ایک ہفتے سے بھی کم وقت باقی رہ گیا، عالمی وباکورونا سمیت حلقہ بندیوں کے لیے قانونی چیلنجز کے باعث انتخابات تاخیر کا شکار ہونے کا امکان ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق صوبائی کابینہ کی جانب سے کیماڑی کو ضلع بنانے کے فیصلے کے بعد بلدیاتی انتخابات کے لیے حلقہ بندیوں کی لازمی شرط قانونی چیلنج کی شکل اختیار کر گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق اس وقت سندھ واحد صوبہ ہے جہاں منتخب بلدیاتی حکومت ہے جو 30 اگست 2016 کو اس وقت قائم ہوئی تھی جب صوبے بھر میں 4 میئرز اور میونسپل باڈیز کے درجنوں چیئرمینز نے حلف اٹھایا تھا۔پاکستان پیپلزپارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماؤں کے ساتھ گفتگو سے اندازہ ہوتا ہے کہ دونوں جماعتیں وقت پر یا فوری طور پر بلدیاتی انتخابات نہیں چاہتیں، تاہم وہ اپنے ووٹرز کو یہ پیغام بھی  دینا نہیں چاہتے کہ وہ تاخیر چاہتے ہیں۔10 اگست کو کراچی کے میئر اور ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنما وسیم اختر نے  کہا تھا کہ ان کی مدت 28 اگست کو مکمل ہورہی ہے اور جلد بلدیاتی انتخابات ہوتے نہیں دیکھ رہے،اس کے 4 روز بعد چیئرمین پیپلزپارٹی نے نئے انتخابات کا اشارہ دیتے ہوئے باضابطہ طور پر اعلان کیا تھا کہ سندھ میں ان کی جماعت کی منتخب بلدیاتی حکومت کی مدت پوری ہونے کے بعد کراچی کے انتظامی امور کو سنبھالے گی۔خیال رہے کہ سندھ میں 12 سال سے زائد عرصے سے حکومت کرنے والی پاکستان پیپلزپارٹی نے 2010 میں اس وقت کی ضلعی حکومت کو تحلیل کرنے کے بعد صوبے بھر میں بلدیاتی انتخابات کرانے میں 5 سال لگائے تھے جبکہ یہ انتخابات بھی سپریم کورٹ کے حکم پر سال 2015 میں کروائے گئے تھے۔دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان نے تکنیکی بنیادوں پر بلدیاتی حلقوں کی حدبندیوں کو روکنے کے لیے عدالت  سے رجوع کیا ہوا ہے۔ای سی پی نے رواں سال اپریل میں ٹاؤن کمیٹی اور میونسپل کمیٹی میں یونین کونسلز، یونین کمیٹیز اور وارڈز میں حد بندیوں کا آغاز کیا تھا لیکن ایم کیو ایم پاکستان نے اس عمل کو سندھ ہائیکورٹ میں یہ کہہ کر چیلنج کردیا کہ 2017 میں مردم شماری کا حتمی نتیجہ نوٹیفائی نہیں ہوا لہٰذا اس طرح کا عمل غیرقانونی ہوگا۔بعد ازاں عدالت عالیہ نے مذکورہ معاملے پر فریقین کو نوٹس جاری کردیے اور اب اس پر 26 اگست کو سماعت ہوگی۔علاوہ ازیں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے سندھ کابینہ کی جانب سے کیماڑی کو شہر کا 7واں ضلع بنانے کے حالیہ فیصلہ کو چیلنج کرنے کا اشارہ بھی دے دیا۔

کراچی انتخابات

مزید :

صفحہ اول -