سندھ حکومت ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں کی تعمیر کرے گی: ناصر حسین شاہ 

  سندھ حکومت ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں کی تعمیر کرے گی: ناصر حسین شاہ 

  

 کراچی(اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر بلدیات، اطلاعات و مذہبی امور سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت شیرشاہ کالونی سمیت شہر بھر میں حالیہ بارشوں میں ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں کی تعمیر کرے گی۔ شیرشاہ کالونی کے مکینوں کے مسائل کا بہت جلد حل نکالا جائے گا۔ موجودہ صورتحال میں مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھنے کیلئے تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنماء،جامعہ عثمانیہ شیرشاہ کے مہتمم قاری محمد عثمان کی عیادت کیلئے انکے گھر جامعہ عثمانیہ شیرشاہ آمد کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سید اکبر شاہ ہاشمی، حاجی عزیزالرحمن عزیز، مولانا عظیم اللہ عثمان، خالد شاہ، قاری رحمان اللہ، مولانا اسرار الحق، مفتی سمیع اللہ شامزئی، مفتی عبدالمالک، عمرخان اور پاکستان پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے صدر خلیل ہوت، سردار نزاکت بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر بلدیات، اطلاعات و مذہبی امور نے قاری محمد عثمان اور ان کے ساتھیوں سے علاقائی مسائل پر تفصیلی گفتگو کی۔ قاری محمد عثمان نے طبع پرسی کیلئے آمد پر انکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عرصہ دراز سے شیرشاہ کالونی کی سڑکیں جابجا ٹھوٹ پوٹ کا شکار اور تالاب کا منظر پیش کررہی ہیں۔ رہی سہی کسر ابلتے گٹروں اور کچرے کے ڈھیروں نے پوری کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیرشاہ کالونی کراچی کا معاشی حب ہے، ایشیاء کی سب سے بڑی کباڑی مارکیٹ یہاں واقع ہے۔ سڑکوں میں بڑے بڑے گڑھے پڑچکے ہیں۔ ڈی ایم سی ویسٹ کی باوجود یقین دہانیوں کے اب تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔ سید ناصر حسین شاہ نے مسائل کے حل کی مکمل یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت بہت جلد سڑکوں کی تعمیر اور نالوں کی صفائی کے اقدامات کرکے اہلیان علاقہ کو پریشانی اور کوفت سے نجات دلائے گی۔ سید ناصر شاہ نے کہا کہ مجھے قطعا یہ اندازہ نہیں تھا کہ شیر شاہ کالونی جو کراچی کی قدیم ترین آبادی ہے اسکی سڑکیں،گلیاں، نالے بند ہوں گے یاسیوریج کا نظام درہم برہم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وہ فوری طور پر شیرشاہ پراچہ چوک سے جناح تک نایاب روڈ،پورے جناح روڈ،جامع مسجد طور جامعہ عثمانیہ کی دونوں جانب کی گلیوں کی سیوریج کے نظام کو بحال کرکے ٹوٹے پھوٹے ابلتے نالوں کے عذاب سے علاقے کے عوام کو نجات دلانے کی بھر پور کوشش کریں گے۔ انہوں نے تمام متعلقہ افسران اور اداروں کو احکامات بھی دئے۔ انہوں نے مزید کہاکہ آج شیرشاہ کی حالت زار دیکھ کر دلی دکھ ہوا ہے، میری کوشش ہوگی کہ شیرشاہ کے عوام کو بھی کراچی کے دیگر علاقوں کے عوام کی طرح جینے کا حق ملے۔

مزید :

صفحہ اول -