مہنگائی اور مافیا نے عوام کا جینا دو بھر کردیا ہے،محمد حسین محنتی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ مہنگائی اور مافیا نے عوام کا جینا دو بھر کردیا ہے۔ عدل و انصاف کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی اور عوام کے مسائل حل نہیں ہو سکتے۔ موجودہ حالات میں جماعت اسلامی ہی متبادل ہے۔ قوم نے سب کو آزمالیا ہے۔ 26 اگست کو ملک بھر کی طرح کراچی تا کشمور جماعت اسلامی کا 79 واں یوم تاسیس بھرپور طریقے سے منایا جائے گا۔ ذمہ داران اس دن بڑے پروگرامات، سیمینار و اجتماعات کا انعقاد کر کے قوم کومشن و مقاصد سے آگاہ کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آدیٹوریم میں جماعت اسلامی سندھ کی مجلس شوریٰ سے خطاب کے دوران کیا۔ اجلاس میں نومنتخب ارکان شوریٰ کا حلف، سیاسی و تنظیمی صورتحال کے جائزہ سمیت آئندہ کی منصوبہ بندی بھی کی گئی۔ اجلاس میں قیم صوبہ کاشف سعید شیخ، نائب امراء، نائب قیمین اور شعبہ جات کے ناظمین بھی موجود تھے۔ محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی اقامت دین کی تحریک ہے۔ ہر فرد کو اپنے حصہ کا کام کرنا چایئے۔ جماعت اسلامی کی کامیابی کے روشن امکان ہیں کیونکہ ہم محض دعویٰ نہیں بلکہ ہمارا کام و کردار پوری قوم کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی کی دعویدار حکومت کے وعدوں کے برعکس مہنگائی میں ہر سال ساڑھے آٹھ فیصد اضافہ ہورہا ہے،عام آدمی دووقت کی روٹی کے لیے بھی پریشان ہے۔ بجٹ کا ایک بڑا حصہ قرضوں و سود کی مد میں واپس چلا جاتا ہے۔ ملکی خوشحالی و عوامی فلاح و بہبود کیلئے سودی نظام معیشت سے نجات نا گزیر ہے۔ جماعت اسلامی کرپشن فری اور اسلامی پاکستان کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ اجلاس میں مختلف مسائل پر قرار دادیں منظور، معروف شاعر عنایت علی خان اور روزنامہ جسارت کے ایڈیٹر اطہر ہاشمی، ہارون رشید سمیت دیگر مرحومین کیلئے دعائے مغفرت کرائی گئی۔