محرم الحرام کے دوران عوام اخوت و بھائی چارے کو فروغ دیں: ظہور شاکر
پشاور (سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے حج و اوقاف اور مذہبی امور محمد ظہور شاکر نے علماء کرام اور لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ محرم الحرام کے دوران اخوت، بھائی چارے اور مذہبی رواداری کو فروغ دیں اور مفاد پرستوں کے مسلمانوں میں تفرقہ ڈالنے کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں کیونکہ معاشرے میں ہم آہنگی کے فروغ میں علماء کرام کا کردار قابل ذکر ہے۔ضلع ہنگو،دوآبہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ واقعہ کربلا اور حضرت امام حسینؑ کی شہادت ہمیں صبر و تحمل اور برداشت کا درس دیتا ہے اس لئے امت مسلمہ کو چاہیے کہ محرم الحرام کے دوران باہمی آہنگی اور بھائی چارے کا بھر پور پرچار کریں اور مقدس مہینے میں مثالی امن و یکجہتی، رواداری اور اخوت کا ماحول پیدا کریں اور واقعہ کربلا اور نواسہ رسولؐ کا بھر پوراحترام کریں۔انہوں نے دین اسلام کی سربلندی کیلئے لازوال اور بے مثال قربانی پیش کی ہے جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی۔