”ناقص کارکردگی پر دل روتا ہے مگر آنسو نہیں بہاتا“
ساﺅتھمپٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے کہا ہے کہ ناقص کاکردگی پر دل روتا ہے مگر آنسو نہیں بہاتا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے مابین ساﺅتھمپٹن ٹیسٹ کے تیسرے روز کا کھیل ختم ہونے کے بعد ویڈیو لنک پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وکٹ کیپر بیٹسمین کا کہنا تھا کہ شائقین کرکٹ کی طرح ہمیں بھی بہت زیادہ دکھ ہوتا ہے اور دل روتا ہے لیکن تگڑا رہنا پڑتا ہے۔
جب ان سے یہ سوال کیا گیا کہ بری کارکردگی کے باوجود بھی کھلاڑی افسردہ کیوں نظر نہیں آتے تو انہوں نے جواب دیا کہ آنسوﺅں کی ویڈیوز ریکارڈ کر کے بھیج سکتے ہیں کہ آپ کو ہماری صورتحال نظر آئے لیکن ہم ایسا نہیں کر سکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی سیریز میں ناقص کارکردگی پر شائقین کرکٹ کی طرح ہمیں بھی بہت زیادہ دکھ ہوتا اور دل روتا ہے لیکن تگڑا رہنا پڑتا ہے، کسی ایک اننگز کو لے کر بیٹھ جائیں تو اگلے میچ میں کیسے پرفارم کریں گے۔