معروف فٹ بالر سر میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گئے

معروف فٹ بالر سر میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گئے
معروف فٹ بالر سر میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گئے

  

بیروت (ڈیلی پاکستان آن لائن) لبنان کے معروف فٹ بالر محمد احمد عتوی سر میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگئے ہیں اور ان کی حالت بھی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ 

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق لبنان کے فٹ بالر محمد احمد عتوی بیروت دھماکوں میں جاں بحق ہونے والے افراد کی نماز جنازہ میں شریک تھے کہ اس دوران اچانک اندھی گولی ان کے سر میں لگی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے اور ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ 

ڈاکٹروں نے آپریشن کے ذریعے گولی نکالی تاہم خون بہنے کی وجہ سے ان کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق فٹ بالر کے علاوہ بھی فائرنگ سے متعدد افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کیلئے فوری ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ 

رپورٹ کے مطابق فائرنگ کا واقعہ کوئی دہشت گردی نہیں بلکہ شادی اور جنازے سمیت دیگر تقریبات کے دوران ہوائی فائرنگ لبنان کی ثقافت ہے جس کی وجہ سے فائرنگ کی گئی اور کئی افراد زخمی ہوئے۔

واضح رہے کہ 1987ءمیں پیدا ہونے والے عتوی ایک پیشہ ور فٹ بالر ہیں جو قومی ٹیم کے میڈ فیلڈرز کی حیثیت سے کھیلتے ہیں اور اب تک لبنانی پریمیر لیگ کی پہلی ڈویژن میں متعدد کلبوں کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ 

مزید :

کھیل -