انگلینڈ کیخلاف سیریز میں ناقص کارکردگی، مشتاق احمد نے حیران کن موقف دیدیا

انگلینڈ کیخلاف سیریز میں ناقص کارکردگی، مشتاق احمد نے حیران کن موقف دیدیا
انگلینڈ کیخلاف سیریز میں ناقص کارکردگی، مشتاق احمد نے حیران کن موقف دیدیا

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سپن باﺅلنگ کوچ مشتاق احمد انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں کمزور پاکستانی پلاننگ پر ناتجربہ کاری کی آڑ لینے لگے جن کا کہنا ہے کہ نوجوان باﺅلرز کھیل رہے ہیں لہٰذا یاسر شاہ کی ذمہ داری میں اضافہ ہو گیا ہے، تیز ہوا اور وکٹ فیلٹ ہونے کی وجہ سے بھی انگلش بلے بازوں کو حاوی ہونے کا موقع ملا۔ 

تفصیلات کے مطابق ویڈیو لنک کے ذریعے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشتاق احمد نے کہا کہ انگلینڈ میں یاسر شاہ کے ساتھ نوجوان باﺅلرز کھیل رہے ہیں لہٰذا ان کی ذمہ داری میں بھی اضافہ ہوا ہے، پہلے محمد عامر اور دیگرسینئر باﺅلرز رنز روک لیتے تھے تو لیگ سپنر کو اٹیک کرنے کا موقع ملتا تھا لیکن اب ایسا نہیں ہے جبکہ ساﺅتھمپٹن میں تیز ہوا اور وکٹ فلیٹ ہونے کی وجہ سے بھی انگلش بیٹسمینوں کو حاوی ہونے کا موقع ملا۔

سکواڈ میں ان فارم سہیل خان اور تجربہ کار وہاب ریاض کی موجودگی کے باوجود واجبی کارکردگی دکھانے والے نسیم شاہ کو لگاتار تینوں ٹیسٹ کھلانے اور ضرورت سے زیادہ دباﺅ ڈالنے سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ نوجوان فاسٹ باﺅلر کو پہلے میچ میں زیادہ باﺅلنگ کا موقع نہیں ملا، دوسرے میں بارش کی مداخلت رہی، تیسرے میں زیادہ اوورز کروائے، ان کی صلاحیتوں کو احتیاط سے استعمال کرتے ہوئے مستقبل کیلئے تیار کیا جارہا ہے لیکن ٹیسٹ کرکٹ سیکھنے کیلئے کھیلنا بھی ضروری ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ تیسرے میچ میں تیز ہوا اور مشکل صورتحال میں باﺅلنگ سے بھی انہوں نے سیکھا ہوگا، مشکل کنڈیشنز میں جتنی باﺅلنگ کریں وہ اتنے ہی اچھے باﺅلر بنیں گے۔ کوچز ہر ممکنہ صورتحال کے مطابق پلان بنا کر دیتے ہیں لیکن اس پر گراﺅنڈ میں عملدرآمد کھلاڑیوں کا کام ہے، ہم تمام پلیئرز خاص طور پر نوجوانوں پر محنت کر رہے ہیں، یقین ہے کہ یہی کھلاڑی ہمیں میچز جتوائیں گے لہٰذا اگر یہ ناکام ہوئے تو ہم کوچز اس کی ذمہ داری بھی لیتے ہیں، یہی اونرشپ کہلاتی ہے۔

مزید :

کھیل -