تبدیلی سرکار دو سال میں نوازشریف کے تین ادوار سے زیادہ قرض لے چکی لیکن پھر بھی۔۔۔شہباز شریف نے حکومت کی کارکردگی کاپول کھول دیا 

تبدیلی سرکار دو سال میں نوازشریف کے تین ادوار سے زیادہ قرض لے چکی لیکن پھر ...
تبدیلی سرکار دو سال میں نوازشریف کے تین ادوار سے زیادہ قرض لے چکی لیکن پھر بھی۔۔۔شہباز شریف نے حکومت کی کارکردگی کاپول کھول دیا 

  

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ ن کےصدرمیاں شہباز شریف نےکہاہے کہ حکومت کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں، دو سال میں مہنگائی نے لوگوں کوتباہی کے دہانے پرپہنچادیا ہے،تبدیلی سرکار دو سال میں نوازشریف کے تین ادوار سے زیادہ قرض لے چکی پھر بھی لوگ ایک وقت کی روٹی اور پرانے پاکستان کو ترس رہے ہیں،کابینہ میں موجود لوگ دودھ سے دھلے ہوئےہیں، ان سے کوئی نہیں پوچھتا، ہم بلاتفریق احتساب کے خلاف نہیں لیکن اپوزیشن کو دیوار سے لگانے کا تماشہ پوری قوم دیکھ رہی ہے، سعودی عرب کے بارے میں جووزیرخارجہ نے کہا عقل دنگ رہ جاتی ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور دیگر پارٹی رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئےقومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نے کہا کہ نوازشریف دور میں تاریخ ساز منصوبے لگائے گئے، 72 سال کی تاریخ میں ان منصوبوں کی مثال نہیں ملتی، سکھر سے اسلام آباد موٹروے پرسفرکرنے والوں نے بتایاکہ ہوائی جہازسے بہترسفرہے، اِنہوں نے سی پیک کا مذاق اڑایا، الزامات لگائے، تضحیک کی، آج تک ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی، یہ اوران کے حواری الٹے ہوگئے، کچھ نہیں ملا، بتا دیں کسی ایک منصوبے میں ایک دھیلے یا دمڑی کی کرپشن ملی ہو؟۔میاں شہباز شریف نے کہا کہ ہمارے خلاف ناقابل مثال پروپیگنڈا کیا گیا، آج چینی کی قیمت سو روپے سے اوپر چلی گئی ہے، اب چینی درآمد کی جا رہی ہے، پہلے چینی برآمدکی گئی، روپے کی قدرمیں کمی کا فائدہ اٹھایاگیا، کسانوں کو سزا دی گئی اور برآمد کنندگان نے اربوں منافع کمایا، تاریخ میں پہلی بارگندم کٹائی سیزن ختم ہونے سے پہلے ناپید ہوگئی، حکومتی رکن نے فلورآف دی ہاؤس پرکہا کہ گندم کہاں گئی؟ تیل کی قیمتیں ایک دھچکے میں آسمان پرپہنچادیں، بجلی کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ کیا، گردشی قرضہ پھربھی قابو میں نہ آیا۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ نوازشریف دورمیں ایل این جی کے 5000 میگاواٹ کے 4 منصوبے لگائےگئے، بد ترین نااہلی اورنالائقی کی وجہ سےبجلی کی بھی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے، تیل پرچلنے والے منصوبوں کو بند کرنا چاہیے تھا لیکن مفادات کا ٹکراؤ ہے،روپے کی قدرمیں 40 فیصد کمی کی لیکن برآمدات میں اضافہ نہیں ہوا، ملکی تاریخ میں دوسری بارجی ڈی پی کی ترقی منفی ہوئی، 1952 کے بعد دوسری بارمنفی گروتھ ہوئی، دو سال میں جو قرضہ لیا وہ نواز شریف کے تین ادوار سے زیادہ ہے، نوازشریف کےتین ادوارکا قرضہ ایک طرف اورموجودہ حکومت کے دوسال کا قرضہ ایک طرف ہے، پھر بھی لوگ ایک وقت کی روٹی اور پرانے پاکستان کو ترس رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہکابینہ میں بیٹھے یہ سب دودھ کے دھلے ہیں، لوگ پرانا پاکستان ڈھونڈ رہے ہیں، سارے نظام کو تباہ و برباد کر دیاگیا، لوگ ایک وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں،نوازشریف کی سربراہی میں پنجاب کے ہسپتالوں میں ادویات مفت تھیں لیکن انہوں نے کینسر، ہیپاٹائٹس جیسےموذی امراض کی ادویات بند کردیں، ادویات کی قیمتوں کےسکینڈل کے وزیرکا کچھ پتا نہیں۔

میاں شہباز شریف نے کہا کہ کابینہ میں موجود لوگ دودھ سے دھلے ہوئےہیں، ان سے کوئی نہیں پوچھتا، ہم بلاتفریق احتساب کے خلاف نہیں لیکن اپوزیشن کو دیوار سے لگانے کا تماشہ پوری قوم دیکھ رہی ہے،اِنہوں نے اپوزیشن کو دیوار سے لگایا، دیوار سے لگانےکے باوجود ہم نے تعاون کا ہاتھ بڑھایا جسے جھٹک دیا، کہتےہیں این آراو نہیں دوں گا کیا اس سےلوگوں کوروٹی مل جائےگی؟انہوں نے کہا کہ خارجہ محاذ پر ناکامیاں سامنے ہیں،وزیر خارجہ نے غیر ذمہ دارانہ بیان دے کے سعودی عرب جیسے قریبی دوست کو بھی ناراض کیا، سعودی عرب کے بارے میں جووزیرخارجہ نے کہا عقل دنگ رہ جاتی ہے، سعودی عرب سے تعلقات میں بگاڑ ڈالنے کی کوشش کی گئی، چین جیسے دیرینہ دوست کو ناراض کیا گیا۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -