”میں اس موضوع کو زیادہ اہمیت ہی نہیں دیتا کیونکہ۔۔۔“ فواد عالم نے اپنے منفرد سٹائل پر ہونے والے ’تبصروں‘ کا زوردار جواب دیدیا

”میں اس موضوع کو زیادہ اہمیت ہی نہیں دیتا کیونکہ۔۔۔“ فواد عالم نے اپنے ...
”میں اس موضوع کو زیادہ اہمیت ہی نہیں دیتا کیونکہ۔۔۔“ فواد عالم نے اپنے منفرد سٹائل پر ہونے والے ’تبصروں‘ کا زوردار جواب دیدیا

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی فواد عالم دوران بیٹنگ ’منفرد سٹائل‘ کا دفاع کرنے لگے ہیں جن کا کہنا ہے کہ مجھے اپنے سٹائل سے کوئی مسئلہ درپیش نہیں اور اس موضوع کو زیادہ اہمیت نہیں دیتا۔ 

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کیلئے فواد عالم کی 11 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی ہوئی تاہم وہ پہلی اننگز میں کوئی سکور نہ بنا سکے جبکہ بارش کے باعث دوسری اننگز کھیلنے کی نوبت ہی نہ آئی۔ ساﺅتھمپٹن میں جاری تیسرے ٹیسٹ میچ میں بھی ان کی کارکردگی قابل ذکر نہیں جبکہ اس کیساتھ ہی ان کے منفرد سٹائل پر طرح طرح کے تبصرے بھی شروع ہو چکے ہیں۔ فواد عالم تینوں سٹمپس چھوڑ کر لیگ سائیڈ کی جانب چلے جاتے ہیں اور گیند سے پہلے کریز پر واپسی ہوتی ہے، ماہرین کے خیال میں اس میں ایل بی ڈبلیو کا چانس زیادہ ہوتا ہے۔

فواد عالم نے بالآخر اس حوالے سے اپنا موقف دیدیا ہے جنہوں نے ویڈیو لنک پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اس طرح بیٹنگ کرتے ہوئے کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہے، میں لوگوں کے تبصرے سنتا لیکن اس بارے میں مثبت سوچ رکھتا ہوں۔ میں اسی طرح کھیبلتے ہوئے یہاں تک پہنچا اور پاکستان کی نمائندگی کر رہا ہوں، جو بیٹسمین عام انداز سے کریز پر کھڑے رہیں وہ بھی صفر پر آﺅٹ ہوتے اور سنچری بھی بناتے ہیں لہٰذا یہ موضوع میرے لئے اتنی زیادہ اہمیت نہیں رکھتا۔ 

مڈل آرڈر بلے باز کا کہنا تھا کہ میں نے10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کا سوچا بھی نہیں تھا، میرے لئے انٹرنیشنل کرکٹ سے اتنا طویل عرصہ دور رہنا بہت مشکل مرحلہ ثابت ہوا، مجھ میں واپسی اور پرفارمنس کی بھوک موجود تھی اسی لئے ڈومیسٹک کرکٹ میں پرفارمنس جاری رکھی، اب میں اس وقت تک کھیلنا چاہتا ہوں جب تک فارم اور فٹنس باقی ہے۔

مزید :

کھیل -