”فواد عالم کو پرفارمنس کی بنیاد پر جانچنا چاہئے“ سابق آسٹریلین کھلاڑی اور کوچ بھی میدان میں آ گئے

”فواد عالم کو پرفارمنس کی بنیاد پر جانچنا چاہئے“ سابق آسٹریلین کھلاڑی اور ...
”فواد عالم کو پرفارمنس کی بنیاد پر جانچنا چاہئے“ سابق آسٹریلین کھلاڑی اور کوچ بھی میدان میں آ گئے

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی اور کوچ ٹام موڈی نے کہا ہے کہ پاکستان کے مڈل آرڈر بلے باز فواد عالم کو ان کے سٹائل نہیں بلکہ کارکردگی کی بنیاد پر جانچنا چاہئے۔ 

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کیلئے فواد عالم کی 11 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی ہوئی تاہم وہ پہلی اننگز میں کوئی سکور نہ بنا سکے جبکہ بارش کے باعث دوسری اننگز کھیلنے کی نوبت ہی نہ آئی۔ ساﺅتھمپٹن میں جاری تیسرے ٹیسٹ میچ میں بھی ان کی کارکردگی قابل ذکر نہیں جبکہ اس کیساتھ ہی ان کے منفرد سٹائل پر طرح طرح کے تبصرے بھی شروع ہو چکے ہیں۔ فواد عالم تینوں سٹمپس چھوڑ کر لیگ سائیڈ کی جانب چلے جاتے ہیں اور گیند سے پہلے کریز پر واپسی ہوتی ہے، ماہرین کے خیال میں اس میں ایل بی ڈبلیو کا چانس زیادہ ہوتا ہے۔

سابق آسٹریلین کرکٹر اور کوچ ٹام موڈی نے فواد عالم کے منفرد انداز بیٹنگ کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں انداز سے نہیں پرفارمنس کی بنیاد پر جانچنا چاہیے۔ یہ درست ہے کہ فواد عالم کا سٹائل منفرد ہے لیکن گیند ریلیز ہوتے وقت ان کی پوزیشن کافی مضبوط ہوتی ہے، ہم نے منفرد انداز کے حامل کئی غیرمعمولی کرکٹرز دیکھے ہیں، یہی چیز ہمارے کھیل کو منفرد بناتی ہے اگر سب کی تکنیک ایک جیسی ہوتی تو ہمیں پھر لارا، سمتھ، ملنگا، وسیم اکرم اور مرلی جیسے کھلاڑی دیکھنے کونہ ملتے۔

واضح رہے کہ خود فواد عالم نے بھی اس حوالے سے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مجھے اس طرح بیٹنگ کرتے ہوئے کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہے، میں لوگوں کے تبصرے سنتا لیکن اس بارے میں مثبت سوچ رکھتا ہوں۔ میں اسی طرح کھیبلتے ہوئے یہاں تک پہنچا اور پاکستان کی نمائندگی کر رہا ہوں، جو بیٹسمین عام انداز سے کریز پر کھڑے رہیں وہ بھی صفر پر آﺅٹ ہوتے اور سنچری بھی بناتے ہیں لہٰذا یہ موضوع میرے لئے اتنی زیادہ اہمیت نہیں رکھتا۔ 

مزید :

کھیل -