وزیراعظم عمران خان کیسے چاہیں گے کہ وہ وزیراعظم نہ رہیں اور عارف علوی۔۔۔صوبائی وزیر سندھ تیمور تالپورنے حیران کن بات کہہ دی

وزیراعظم عمران خان کیسے چاہیں گے کہ وہ وزیراعظم نہ رہیں اور عارف ...
وزیراعظم عمران خان کیسے چاہیں گے کہ وہ وزیراعظم نہ رہیں اور عارف علوی۔۔۔صوبائی وزیر سندھ تیمور تالپورنے حیران کن بات کہہ دی

  

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر سندھ تیمور تالپور نے کہا ہے کہ الگ صوبہ اور کراچی شہر کی علیحدگی کا مطالبہ وہ کر رہے ہیں جو کونسلر کی سیٹ بھی جیت نہیں سکتے،عوام کے ٹھکرائے ہوئے سیاستدانوں کی سیاست کا باب ہمیشہ کے لیے عوام نے باب بند کر دیا ہے،جب تک آئین اور پارلیمانی جمہوری نظام ہےتب تک ملک میں صدارتی نظام نہیں آسکتا، وزیراعظم عمران خان کیسے چاہیں گے کہ وہ وزیراعظم نہ رہیں اور عارف علوی صدارتی نظام چلائیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر تیمور تالپور نے کہا کہ قانون کے تحت سندھ حکومت کسی کو بھی ایڈمنسٹریٹر مقرر کر سکتی ہےتاھم ایڈمنسٹریٹر افسران بھی ہوسکتے ہیں اورسول سوسائٹی کا نمائندہ بھی ہو سکتا ہے، ایڈمنسٹریٹرز کی تقرری کے لئے نام زیر غور ہیں، حتمی فیصلے کے بعد ہی سب کو پتہ چل جائے گا، کراچی میں ساتویں ضلع پر اعتراض کرنے والے تعصب پھیلا رہے ہیں، جب آمر پرویز مشرف کے دور میں کراچی کو 18ٹاؤن میں تقسیم کیا گیا تو اس وقت ایم کیو ایم اور ان کے آج کے دھڑے سب خوشی میں ڈھول بجا رہے تھے، اب کراچی میں ساتویں ضلع پر اعتراض کیوں کیا جا رہا ہے؟ 45لاکھ لوگوں کی آبادی والے علاقوں سے کیماڑی کو ضلع بنایا جا رہا ہے تو اس پر لسانیت کی باتیں کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔

 انہوں نے کہا کہ جب تک آئین اور پارلیمانی جمہوری نظام ہےتب تک ملک میں صدارتی نظام نہیں آسکتا، وزیراعظم عمران خان کیسے چاہیں گے کہ وہ وزیراعظم نہ رہیں اور عارف علوی صدارتی نظام چلائیں؟ پی ٹی آئی اور وزیراعظم عمران خان چندہ اکٹھے کرنے والی جماعت ہے،چندہ اکٹھے کرنے والا وزیراعظم ملک میں مہنگائی کرکے ہر آدمی سے اب مہنگائی کی آڑ میں بھتہ وصول کر رہا ہے۔ تیمور تالپورنے مزید کہا کے پی ٹی آئی حکومت میں قرضوں کو اتارنے کے لئے عوام کا خون چوسا جا رہا ہے، پی ٹی آئی کے دو سالہ اقتدار میں عوام کو گھر دینے کے بجائے عوام کے لئے قبر کا ٹکڑا رکھا جا رہا ہے،وزیراعظم عمران خان نے دو سالوں میں اب تک 2 سو یوٹرن لئے ہیں،ملک کی عوام اب مصیبت اعظم عمران خان سے چھڑانا چاہتی ہے۔ صوبائی وزیر نےکہا کہ تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے حکومت کسی مصلحت کا شکار نہیں، کراچی کے مسائل کا مستقل حل نکالنا ترجیح ہے،ماضی کی غلطیوں کو سدھارنے کی ضرورت ہے،مرحلہ وار پہلے غیر آباد اور پھر آباد تجاوزات کو صاف کیا جائے گا، سندھ حکومت تمام افراد کو متبادل رہائش فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ نالوں پر قائم تجاوزات پیپلز پارٹی نے تعمیر نہیں کروائیں،ہم دوسروں کی غلطیوں کا خمیازہ عوام پر نہیں گرنے دیں گے،میڈیا کو تمام کاروائی کے دوران آن بورڈ رکھا جائے گا۔

مزید :

علاقائی -سندھ -کراچی -