اشرافیہ کو سبسڈی ملنا غریب کا حق مارنے کے مترادف،  پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں عوام کو ۔۔۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے بڑا دعویٰ کردیا 

 اشرافیہ کو سبسڈی ملنا غریب کا حق مارنے کے مترادف،  پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں ...
 اشرافیہ کو سبسڈی ملنا غریب کا حق مارنے کے مترادف،  پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں عوام کو ۔۔۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے بڑا دعویٰ کردیا 

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت سول سیکرٹریٹ میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں آٹے اور چینی کے نرخوں اور سٹاک کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  صوبہ بھر میں 20 کلو آٹے کا تھیلا مقرر کردہ قیمت 860 روپے میں وافر دستیاب ہے اور پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں عوام کو مقرر کردہ قیمت پر آٹے کا تھیلا مل رہا ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے آٹا تھیلا سرکاری ریٹ پر عوام کو فراہم کرنے کے حوالے سے کئے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔اجلاس میں صوبہ پنجاب سے آٹے کی سمگلنگ روکنے کیلئے مانیٹرنگ کو مزید سخت کرنے کیلئےہرممکن انتظامی اقدام اٹھانےکافیصلہ کیاگیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت خیبرپختونخوا کے بہن بھائیوں کیلئے بھی روزانہ کی بنیاد پر گندم فراہم کر رہی ہے، پنجاب حکومت عوام کومقررکردہ قیمت پر آٹا مہیا کرنے کیلئے اربوں روپے کی سبسڈی دے رہی ہے،سبسڈی غریب عوام کا حق ہے جبکہ اشرافیہ کو آٹے پر سبسڈی ملنا غریب کا حق مارنے کے مترادف ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نےآٹےکی سبسڈی کوٹارگٹڈبنانےکیلئےموثرمیکانزم تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئےمحکمہ خوراک سے ٹارگٹڈ سبسڈی کیلئے حتمی پلان طلب کر لیا، پنجاب حکومت اب تک 6 لاکھ 69 ہزار ٹن گندم فلور ملوں کو ریلیز کر چکی ہے اور پنجاب کے پاس تقریباً 37 لاکھ ٹن گندم کے ذخائر موجود ہیں،پنجاب حکومت روزانہ 17 ہزار ٹن سے زائد گندم فلور ملوں کو ریلیز کر رہی ہے جس سے مارکیٹ میں آٹے کی قیمت میں استحکام آیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے آٹے کی قیمت میں استحکام برقرار رکھنے کیلئے سخت مانیٹرنگ کی ہدایت کی۔ اجلاس میں چینی کے نرخوں میں استحکام کیلئے تمام ضروری انتظامی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ آٹے اور چینی کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ برداشت نہیں کروں گا۔ انتظامی افسران خود مارکیٹوں اور بازاروں کے دورے کریں اور قیمتوں کا جائزہ لے کر رپورٹ وزیراعلیٰ آفس پیش کریں جبکہ میں خود بھی مارکیٹوں اور بازاروں کے دورے کرکے صورتحال کا جائزہ لوں گا،کسی کو عوام کا استحصال کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ سیکرٹری خوراک نے صوبے میں گندم اور چینی کے ذخائر اور نرخوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان، چیف سیکرٹری، سیکرٹری خوراک، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری صنعت، سیکرٹری اطلاعات، سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -