پاکستان اور یواے ای کے مابین باہمی تجارت کو مزید فروغ دیا جائے گا: بلیغ الرحمان
لاہور(نمائندہ خسوصی)گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے گورنر ہاؤس لاہور میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزیبی نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور،دو طرفہ تجارت کو بڑھانے اور مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کومزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ پاکستان کے متحدہ عرب امارات سے تعلقات حکومتی اور عوامی سطح پر باہمی محبت اور احترام کی بنیاد پر مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان صحت اور تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں یو اے ای کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے ویژن کے مطابق پاکستان اور یو اے ای کے مابین باہمی تجارت کو مزید فروغ دیا جائے گا۔انہوں نے متحدہ عرب امارات کی مسئلہ کشمیر پر پاکستانی مؤقف کی حمایت کرنے پر یو اے ای کے سفیر کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلے ہونے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی وفود کے تبادلے تجارت اور معاشی تعلقات کو مزیدمستحکم بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔ متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزیبی نے کہا کہ پاکستان کی افرادی قوت سالہا سال سے یو اے ای کی معیشت اور تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے پاکستان کے ساتھ تجارت کو مذید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔یو اے ای کے سفیر نے کہا کہ پاکستانی سرمایہ کاروں کے ساتھ متحدہ عرب امارات میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے مشترکہ منصوبوں پر کام شروع کرنے کے خواہاں ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یو اے ای پاکستان کے ساتھ صحت، تعلیم، زراعت، بائیو ٹیکنالوجی، فوڈ سیکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔
گورنر پنجاب