معاشی بحران کاروباری امور کے لئے انتہائی خطرناک ہے،ملک ندیم
لاہور(سٹی رپورٹر) ایگزیکٹو کمیٹی ممبر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملک ندیم نے کہا ہے کہ ملک میں دگرگوں معاشی بحران ملکی کاروباری امور کیلئے شدید تشویشناک ہے۔ صنعت و تجارت سے جڑے بزنس سیکٹر کے مسائل ختم ہونے سے ہی روزگار بحال اور کاروبار پروان چڑھ سکیں گے۔ بحران زدہ معاشی حالات میں بہتری لانے کیلئے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ترجیحی بنیادوں پر واپس لیا جائے ۔ تاجر صنعتکار کو سازگار حالات ملنے سے ہی ملک میں خوشحالی آسکتی ہے۔
بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ عوامی کاروباری شعبہ ہائے زندگی کو دیوالیہ کرنے کے مترادف یے۔ ڈالر کی بلند ترین سطح پر قیمتوں سے ملک میں کاروبار کے حالات بدترین نہج پر پہنچ چکے ہیں۔ ملکی معاشی حالات میں بہتری نا آنے سے تاجر صنعت کار شدید بحران کا سامنا کرنے پر مجبور ہیں۔ ڈالر کا زور نا ٹوٹنے سے خام مال اور مصنوعات کی قیمتیں آسمان پر ہیں۔ بجلی گیس اور پٹرول کی قیمتیں قابو میں آنے سے ملکی معیشت بحران زدہ حالات سے باہر آئے گی اور کاروبار چل سکیں گے۔