کراچی میں آج اورکل کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کی پیشگوئی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی میں آج اورکل(بدھ اورجمعرات) کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کا شدید کم دباؤ سندھ پر اثر انداز ہو سکتا ہے، جس کے تحت کراچی میں آئندہ 2 روز میں بارش ہو سکتی ہے۔چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق کراچی میں 24 اگست اور 25 اگست کو کہیں معتدل اور کہیں تیز بارش ہو سکتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ مون سون سسٹم مشرقی راجستھان پر موجود ہے، اس سسٹم کے زیرِ اثر مشرقی سندھ میں بارش ہو سکتی ہے۔چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایاکہ مون سون کے اس سسٹم کے زیرِ اثر سندھ کے بیشتر مقامات پر بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہرِ قائد میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع ابر آلود رہنے، بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔منگل کوکراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات نے بتایاکہ شہر میں صبح سویرے چلنے والی ہوا میں نمی کا تناسب 88 فیصد رہا۔کراچی میں جنوب مغرب کی سمت سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 12 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔