پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کوریا کی طرف سے بارشوں سے متاثر افراد کیلئے مدد کی اپیل
سیول (رضا شاہ) پاکستان بزنس ایسو سی ایشن کوریا کی جانب سے پاکستان کے صوبہ بلوچستان اور سندھ میں شدید بارشوں اور طوفان سے ہونے والے نقصانات کی وجہ سے خصوصی امداد کی اپیل کی گئی ہے۔ پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کوریا کی ویلفئیر کمیٹی کے چئیرمین مہر محمد سرور نے خصوصی طور پر کوریا میں مقیم تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے غریب مزدور اور دیہاڑی دار شدید ترین مشکلات کا شکار ہیں اور اپنے گھروں سے اپنے خاندانوں اور مال مویشییوں کے ساتھ دور دراز محفوظ مکامات پر کھلے آسمان کے نیچے بے یار و مددگار ہماری امداد کے منتظر ہیں۔ انہوں نے مذید درخواست کرتے ہوئے کہا کہ اِن غریب بے بس لوگوں کو ہماری مدد کی ضرورت ہے ۔ مہر محمد سرور نے بتایا کہ پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کوریا حالیہ بارشوں سے متاثر ہونے والوں کیلئے راشن کا بندوبست کرنے کا ارادہ رکھتی ہے اسلئے اس نیک کام میں کوئی بھائی حصہ ڈالنا چاہتا ہو تو ضرور رابطہ کر سکتا ہے۔