قطر نے پاکستان کو روزانہ 3 سے 4 ہزار ٹن ایل پی جی دینے پر آمادگی ظاہر کردی
دوحہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم شہباز شریف کے دورے کے دوران قطر نے پاکستان کو یومیہ تین سے چار ہزار ٹن لیکویفائڈ پٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی فراہمی پر آمادگی ظاہر کردی۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق پاکستان کے وزیر پٹرولیم مصدق ملک کی دوحہ میں قطری ہم منصب سے ملاقات ہوئی۔ مصدق ملک کے مطابق قطری ہم منصب نے پاکستان کو ایل پی جی فراہم کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ۔ قطر نے پاکستان کو یومیہ تین سے چار ہزار ٹن ایل پی جی فراہم کرنے پر آمادگی ظاہرکی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ قطر سے ایل پی جی درآمد کرنے کےلیے جلد میکنزم طے کرنے پر بات چیت شروع ہو جائےگی۔
خیال رہے کہ قطر کی جانب سے پاکستان میں تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پر بھی آمادگی ظاہر کی گئی ہے۔