اوورلوڈنگ پر جرمانوں میں اضافہ کی سمری،ٹرانسپورٹر ز سراپا احتجاج
لاہور(نیوز رپورٹر) محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے محکمہ قانون کو سڑکوں اور ہائی وے پر اضافی لوڈ رکھنے پر جرمانے میں اضافے کا بل بھیج دیا ہے محکمہ قانون اس بل کو وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کو منظوری کے لئے بھیجے گا سڑکوں پر بڑی گاڑیوں پر جرمانے دو سے سات ہزار روپے مقر ر کرنے کی سفارش کی گئی ہے، محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے اس سمری کے ارسال پر ٹرانسپورٹرز میں غم و غصہ پایاجاتا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ یہ کالا قانون ہے جس کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا پہلے ہی بھاری جرمانے وصول کئے جارہے ہیں۔ ٹرانسپورٹرز مالکان نے کہا کہ سڑکوں کی بحالی اور ان کی مرمت ا ور بہتری حکومت کی ذمہ داری ہے ہم تو اپنا کام کررہے ہیں اس اضافے کے فیصلے کو فوری واپس لیا جائے ورنہ ملک گیر احتجاج ہوگا ندیم خان،حاجی ادریس، زبیر بٹ، خاور علی، نواب الدین، دین محمد اور بلال احمد نے کہا کہ حکومت ہمیں ریلیف دینے کے بجائے مشکلات میں ڈال رہی ہے یہ بلاجواز فیصلہ ہے اس پر کسی صورت عملدرآمد نہیں ہونا چاہئے۔ ہم وزیر اعلی پنجاب مریم نواز سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس بل کو منظور نہ کریں ۔
