28اگست کو تاجر مکمل ہڑتال کرینگے، بجلی کے مستقل ٹیرف کو کم کیا جائے: نعیم الرحمان
پشاور(آئی این پی) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ 28اگست کو تاجر مکمل ہڑتال کریں گے، تاجروں کے کسی گروپ نے ساتھ نہ دیا تو یہ خیانت ہوگی، کچے کے ڈاکوؤں کے پاس جدید اسلحہ کہاں سے آرہا ہے، ادارے کیا کر رہے ہیں، کیا ان کا کام خبروں اور کمروں میں کیمرے لگانا ہے، ختم نبوت پر متنازع پیراگراف حذف کرنے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے مطالبہ کیا کہ بجلی کے مستقل ٹیرف کو کم کیا جائے، جو ریلیف دیا گیا وہ بھی عوام کے خون پسینے کی کمائی ہے، کے پی میں یہ ریلیف کیوں نہیں دیا گیا کیونکہ وہاں اتحادیوں کی حکومت نہیں۔ہماری ذمہ داری ہے کہ 28 اگست کے دن ہڑتال کو کامیاب بنائیں، تنخواہ دار لوگوں پر ٹیکس اور حکومتی مراعات ختم ہونی چاہیے، وڈیروں اور جاگیرداروں پر ٹیکس لگنا چاہیے، کے پی کا بجلی کی پیداوار میں اہم کردار ہے ان کو حق ملنا چاہیے۔ حکمرانوں کی آئی پی پیز کے کپیسٹی پیمنٹ خزانے میں آ جائے تو بجلی سستی ہو سکتی ہے، 28 اگست کو ملک بھر میں ہڑتال ہوگی تاجروں نے حمایت کی ہے، حکومت تاجروں کو توڑنا چاہیے گی ان کو ہوشیار رہنا چاہیے، تاجر اپنی دکانوں کو بند کر کے احتجاج ریکارڈ کروائیں۔ پورے ملک کی صورتحال آپ کے سامنے ہے، کل رحیم یار خان میں پولیس پر حملہ کیا گیا ہے ڈاکوؤں کے راکٹ حملے میں 12 پولیس اہلکار شہید ہوئے، ان ڈاکوؤں کے پاس اتنا بھاری اسلحہ کہاں سے آتا ہے؟آئی جی سندھ اور آئی جی پنجاب کی غفلت کے باعث یہ واقعہ ہوا۔ مہنگے بجلی کے بلوں کے باعث کاروبار چلانا مشکل ہے، حکومت کو مراعات ختم کرنی چاہیے۔
نعیم الرحمن
