سی ایل آئی سی سمٹ 2024ء، اسٹیٹ لائف کی نئی ڈیجیٹل سروسز کا آغاز
کراچی (سٹاف رپورٹر) اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن آف پاکستان کے تحت گذشتہ روز SLIC سمٹ 2024 کا انعقاد ہوا۔اس موقع پر جدید ترین ڈیجیٹل سروسز اور کمیونی کیشن فریم ورک کے باضابطہ آغاز کا اعلان کیا گیا۔ تقریب کا افتتاح وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کیا، تقریب میں بورڈ اسٹیٹ لائف کے چیئرمین سلیمان ایس مہدی، سی ای او شعیب جاوید حسین، سینئر ممبران سمیت اعلیٰ سرکاری عہدیداران، کارپوریٹ پارٹنرز اور انڈسٹری لیڈرز نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر تجارت نے اپنے خطاب میں کہا کہ انشورنس اور صحت کے شعبوں میں اسٹیٹ لائف کی مسلسل جدت طرازی اور قیادت ملک کی فلاح و بہبود اور ہماری مارکیٹوں کی ترقی کےلئے اہم ہے۔ اس ڈیجیٹل سروس کا آغاز تمام پاکستا نیو ں کےلئے انشورنس خدمات میں رسائی، شفافیت اور کارکردگی کو بڑھانے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ اسٹیٹ لائف کے سی ای او شعیب جاوید حسین کا کہنا تھا کہ ہماری ڈیجیٹل سروسز ہماری وہ تکنیکی ترقی ہیں جو ہمیں شفافیت، کارکردگی اور سیکورتی کے اعلیٰ ترین معیار فراہم کرنے کے قابل بناتی ہیں، اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ ہماری خدمات صارفین، شراکت داروں اور اسٹیک ہولڈرز کے لیے قابل رسائی اور فائدہ مند ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سمٹ 2024 اسٹیٹ لائف کی پیشرفت ، اختراع اور قومی ترقی کےلئے دیرینہ عزم کا ثبوت ہے، ہماری بنیادی خدمات کے ساتھ ڈیجیٹل سلوشنز کو مربوط کرکے اسٹیٹ لائف پاکستان کے انشورنس اور مالیاتی شعبوں میں ایک اہم ستون کے طور پر اپنی پوزیشن کو استحکام بخشتے ہوئے پاکستان کو ایک روشن اور زیادہ خوشحال مستقبل کی طرف گامزن کررہی ہے۔ سمٹ نے SLIC کے بہتر ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے آغاز پر روشنی ڈالی، جس میں ایک نئی اور بہتر ویب سائٹ کی نقاب کشائی اور تین جدید موبائل ایپلی کیشنز کا تعارف بھی شامل تھا۔ سمٹ پاکستان کے قومی سماجی صحت کے پروگراموں میں اسٹیٹ لائف کی شمولیت پر مرکوز تھی جس نے لاکھوں پاکستانیوں کے لیے صحت کی دیکھ بھال تک رسائی کو بہتر بنایاہے۔ سوشل ہیلتھ پروگرام پینل میں صنعت کے رہنما اور صحت کی دیکھ بھال کے ماہرین شامل تھے جن میں وفاقی صحت سہولت پروگرام کے سی ای او محمد ارشد، پنجاب ہیلتھ انیشیٹو مینجمنٹ کمپنی کے سی ای او ڈاکٹر علی رزاق، صحت کارڈ پلس پروگرام KPK کے سی ای او ڈاکٹر ریاض تنولی اور بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام کے سی ای او ڈاکٹر اسد کاکڑ قابل ذکر ہیں۔ پینل میں شامل عمائدین نے عام پاکستانیوں کے لیے کیے گئے اقدامات کے انتظام میں اسٹیٹ لائف کے کردار پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہیلتھ انشورنس تک رسائی کا انتظام اور سہولت فراہم کرکے اسٹیٹ لائف ملک بھر میں غیرمحفوظ کمیونٹیز کے معیار زندگی کو بلند کرنے کے عزم کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ سمٹ 2024 میں پاکستان کے سرمائے اور مالیاتی منڈیوں کے بارے میں فکر انگیز گفتگو بھی کی گئی ۔کیپٹل مارکٹس پینل نے انڈسٹری کی چند بااثر شخصیات کو بھی مدعو کیا جن میں AKD سیکورٹیز کے سی ای او فرید عالم، نیشنل بینک کے صدر رحمت علی حسنی، پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے سی ای او فرخ خان اور اسٹیٹ لائف کے ہیڈ آف انویسٹمنٹ شاہنواز نادر شاہ شامل تھے۔ پینل نے پاکستان کے مالیاتی منظر نامے کے فروغ ، استحکام اور پائیداری کو فروغ دینے میں اسٹیٹ لائف جیسے اداروں کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔
